نئی دہلی//) نائب صدر جگدیپ دھنکھر نے ملک کی تعمیر میں فعال حصہ لینے کے لئے طلباء کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ بے خوف ہو کر اپنے خیالات کا اظہار کریں اور ملک کی خدمت کریں۔
مسٹر دھنکھر نے چتوڑ گڑھ کے سینک اسکول کے طلباء کے ایک گروپ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سینک اسکول ہندوستان کے بہترین تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے جہاں نوجوانوں کو معیاری تعلیم، نظم و ضبط اور بہترین تعلیمی ماحول فراہم کیا جاتا ہے ۔
یہ طلباء سینک اسکول انڈر 14 فٹ بال ٹیم کے رکن ہیں اور آسام کے گول پارہ میں منعقدہ آل انڈیا سینک اسکول نیشنل فٹ بال چیمپئن شپ میں حصہ لینے کے بعد واپس آرہے ہیں۔ چتوڑ گڑھ کی ٹیم نے اس چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے ۔
نائب صدر خود بھی سینک اسکول چتوڑ گڑھ کے سابق طالب علم رہ چکے ہیں۔ انہوں نے وہاں 1962 سے 1967-68 تک تعلیم حاصل کی۔
طلباء نے نائب صدر جمہوریہ کو میمنٹو، اسکول کیپ اور ہاتھ سے بنی پینٹنگ مسٹر دھنکھر کو پیش کی۔