جموں///
ایک سینئر پولیس افسر نے ہفتہ کو جموں کشمیر کے جڑواں سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کیلئے کوششوں کو تیز کرنے پر زور دیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (راجوری‘پونچھ رینج) محمد حسیب مغل نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی، جو انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کا جامع جائزہ لینے اور جڑواں اضلاع میں انٹیلی جنس نیٹ ورک کے کام کاج کی نگرانی کیلئے بلائی گئی۔
یہ میٹنگ ڈسٹرکٹ پولیس لائنز، راجوری میں منعقد ہوئی اور اس میں سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (راجوری) امرت پال سنگھ اور پونچھ میں ان کے ہم منصب ونے شرما سمیت افسران نے شرکت کی۔
اکتوبر۲۰۲۱سے جڑواں اضلاع میں آٹھ دہشت گرد حملوں میں ۲۶فوجیوں سمیت پینتیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ملاقات کے دوران اندرونی سلامتی، دہشت گردی، آئندہ محرم، یوم آزادی، بدھا امرناتھ یاترا، جموں پونچھ قومی شاہراہ پر فورسز کی تعیناتی اور ولیج ڈیفنس گارڈز کا جائزہ لینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عہدیدار نے بتایا کہ افسران نے میٹنگ کو اپنے فیلڈ انٹیلی جنس گرڈ، سیکورٹی کی تعیناتیوں اور اپنے متعلقہ علاقوں میں دہشت گردی کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے مغل نے افسران سے کہا کہ وہ انسانی رابطوں کو مضبوط کرنے کے علاوہ جدید انٹیلی جنس اکٹھا کرنے اور تجزیہ کرنے کے طریقہ کار کو اپناتے ہوئے دہشت گردی کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے مخلصانہ کوششیں کریں۔
ترجمان نے کہا’’تمام افسران کو کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے انتہائی چوکسی اور آپریشنل تیاری کو برقرار رکھنے اور آنے والے تمام واقعات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔‘‘