سرینگر//
کرائم برانچ کشمیر(سی بی کے ) کی اقتصادی جرائم ونگ سرینگر نے کپوارہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے خلاف مبینہ طور پر جعلی دستاویزات پر سرکاری نوکری حاصل کرنے کے الزام میں چارج شیٹ داخل کی ہے ۔
سی بی کے کے ایک ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کپوارہ کے زرہامہ سے تعلق رکھنے والے ایک شہری کے خلاف ایف آئی آر نمبر ۲۰۲۲/۶۴کے سلسلے میں آر پی سی کی دفعات۴۲۰/۴۶۸؍اور۴۷۱کے تحت قابل سزا جرائم کے ارتکاب میں ملوث ہونے پر سب جج ترہگام کی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی گئی۔
ترجمان نے کہا’’اقتصادی جرائم ونگ سرینگر (کرائم برانچ کشمیر) کو ایک شکایت موصول ہوئی جس میں الزام لگایا گیا کہ قیصر الدین بجاڑ ساکن زرہامہ مرہامہ کپوارہ نے الیکٹرک مینٹیننس ڈویژن کپوارہ میں جعلی سرٹیفکیٹس اور دستاویزات کی بنیاد پر جونیئر لائن مین کے بطور سرکاری نوکری حاصل کی ہے‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ شکایت موصول ہونے پر پولیس اسٹیشن اقتصادی جرائم ونگ سری نگر میں سال۲۰۲۲میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئیں۔
بیان میں کہا گیا’’تحقیقات کے دوران یہ سامنے آئی کہ ملزم نے آٹھویں جماعت کی جعلی اور فرضی سرٹیفکیٹس کی بنیاد پر تقرری کے بعد سرکاری ملازمت کے تمام فائدے حاصل کئے ہیں‘‘۔
بیان کے مطابق ملزم کی طرف سے مذکورہ بالا کارروائی دھوکہ دہی‘ فراڈ اور جعلسازی قرار پائی جو آر پی سی کی دفعات۴۲۰/۴۶۸؍اور۴۷۱کے تحت قابل سز جرم ہے ۔
بیان میں مزید کہا گیا’’کیس کی تحقیقات ملزم کے خلاف جرم ثابت پر پایہ تکمیل کو پہنچی اور عدالتی فیصلے کیلئے چارج شیٹ سب جج ترہگام کی عدالت میں داخل کی گئی۔‘‘