کٹھوعہ///
جموںکشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں ہفتہ کو ایک ندی کو عبور کرتے ہوئے سیلاب میں پھنس جانے کے بعد دو لڑکیاں ڈوب گئیں اور دو کو بچا لیا گیا۔
بلور کے ایس ایچ او جتیندر سنگھ نے بتایا کہ لڑکیاں دور افتادہ علاقے ننگلہ‘مچھڈی میں اسکول جانے کے بعد گھر لوٹ رہی تھیں۔
سنگھ نے بتایا کہ یہ حادثہ شام ساڈھے چاربجے کے قریب اس وقت پیش آیا جب چار لڑکیاں اپنے گھر جاتے ہوئے ایک ندی کو عبور کرتے ہوئے تیز بارش کے بعد بہہ گئیں۔
افسر نے بتایا کہ فوری طور پر ایک ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا، جس کا اختتام مونیکا دیوی اور رادھا دیوی کی لاشوں کی بازیابی پر ہوا ۔انہوں نے کہا کہ دونوں کلاس۶کی طالبات تھیں جبکہ دیگر کو بچا لیا گیا۔
سنگھ نے بتایا کہ بچائی گئیں لڑکیوں میں سے ایک، ارچنا دیوی، جو کہ۶ویں جماعت کی طالبہ بھی ہے، کو علاج کے لیے بلاور کے سب ڈسٹرکٹ اسپتال ریفر کیا گیا تھا۔
ایک ٹویٹ میں مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ٹویٹ میں انہوں نے لکھا’’افسوسناک واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد ابھی ابھی ڈی سی کٹھوعہ، راکیش منہاس سے بات ہوئی ہے ‘میرا دفتر انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن مدد کے لیے رابطہ کر رہا ہے۔ دریں اثنا، عام طور پر والدین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو خراب موسم کے دوران باہر نہ نکلنے دیں‘‘۔
ایک اور واقعہ میں، ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ادھم پور ضلع میں سمرولی کے قریب ایک ندی میں سیلاب کے بعد دو لوگ پھنس گئے تھے لیکن پولیس، فوج، ریاستی ڈیزاسٹر رسپانس فورس اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی مشترکہ ٹیم نے انہیں بچایا۔
سرحدی ضلع پونچھ میں موسلادھار بارش کی وجہ سے مینڈھر بازار میں پانی جمع ہوگیا جس سے لوگوں بالخصوص دکانداروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پانی کئی دکانوں میں داخل ہونے سے ٹریفک کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔