سرینگر//
پولیس نے سرینگر کے راج باغ علاقے کے ایک ہوٹل میں مبینہ طور ہنگامہ کرنے اور دو غیر ملکی خاتون سیاحوں کے ساتھ بدتمیزی کرنے کے الزام میں ۴نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔
گرفتار کیے گئے سبھی نوجوان سرینگر شہر کے رہائشی ہیں۔ سرینگر پولیس نے ٹویٹ کے ذریعے اس کی اطلاع دی۔
پولیس نے سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پر حراست میں لیے گئے چاروں نوجوانوں کی فوٹو بھی شیئر کی ہے۔ تاہم پولیس نے خاتون سیاحوں کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے۔
سرینگر پولیس نے اپنے ایک ٹویٹ میں گرفتار کیے گئے نوجوانوں کی شناخت عمر معراج حکیم‘عاشق احمد‘ عبید گلزار ساکنان چھتہ بل، سرینگر اور عبید بلال بانڈے ساکنہ کرن نگر کے طور پر ظاہر کی ہے۔
سرینگر پولیس نے اس ضمن میں پولیس اسٹیشن راج باغ میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر۳۴/۲۰۲۳درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سیاحوں خاص کر بین الاقوامی سیاحوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات شاذ و نادر ہی رونما ہوتے ہیں۔
جموں و کشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا اور ایسے جرائم میں ملوث افراد کے ساتھ قانون کے مطابق نپٹا جائے گا۔
ادھر، عوامی حلقوں کا ماننا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے کشمیر کی معروف مہمان نوازی کی شبیہ متاثر ہوتی ہے۔ عوامی حلقوں نے پولیس کارروائی کی سراہنا کرتے ہوئے حراست میں لیے گئے افراد کے خلاف کڑی کارروائی کرنے کا بھی مطابلہ کیا ہے کہ تاہم مستقبل میں اس طرح کے واقعات رونما نہ ہوں۔