مینڈھر/جموں، 29 اگست
جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب پاکستانی ساخت یا آمد کا مشتبہ ڈرون دیکھے جانے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے میں تلاشی مہم شروع کردی ہے۔
حکام کے مطابق ڈرون جمعہ کی شام مینڈھر سیکٹر کے بالاکوٹ علاقے میں بہروٹی گاؤں کے قریب منڈلاتا دیکھا گیا۔ اس کے بعد یہ منگل نار۔ڈبروٹ کی سمت سرحد کے قریب گیا اور پھر پاکستان کی طرف واپس چلا گیا۔
حکام نے بتایا کہ ایل او سی پر تعینات فوجی دستوں نے نگرانی مزید سخت کردی اور ہفتہ کی صبح سویرے تلاشی آپریشن شروع کیا تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ ڈرون نے کوئی مشتبہ سامان گرایا یا اپنے ساتھ لے کر گیا تھا۔
تلاشی مہم تاحال جاری ہے جبکہ سرحدی علاقوں میں سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
دریں اثنا، مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات کے بعد پولیس نے فوج اور نیم فوجی دستوں کے ساتھ مل کر ادھم پور، کٹھوعہ اور راجوری کے وسیع جنگلاتی علاقوں میں بھی بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
حکام کے مطابق جمعہ کی شام ادھم پور،کٹھوعہ کے جنگلاتی خطے میں خوبن، نگین، کھٹریل، گودو فلال، پڈیتار، چور موٹو، کیا، کھیبا، بھیڑ، مرتا، جوفر اور ملحقہ علاقوں میں مشترکہ تلاشی لی گئی، جو اب بھی جاری ہے۔
راجوری کے گیباس، متھیانی، موگلا اور نرلا علاقوں میں بھی سرچ آپریشن شروع کیا گیا، جہاں دیہاتیوں نے دو مشتبہ مسلح افراد کی نقل و حرکت کی اطلاع دی تھی، جنہیں ممکنہ طور پر دہشت گرد قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تاحال کسی مشتبہ شخص سے سکیورٹی فورسز کا کوئی سامنا نہیں ہوا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔










