کرزوک/لیہہ//
مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات‘ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان دنیا میں ایک طاقتور ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔
لداخ کے گاؤں کرزوک میں انڈو تبتی بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے ٹھاکر نے کہا ’’موجودہ حکومت ہندوستان کو ایک مضبوط اور بہتر ملک بنانے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے۔ وزیر اعظم ہند کی قیادت میں ایک مضبوط حکومت کی حمایت یافتہ مضبوط مسلح فورسزہندوستان کو دنیا کے طاقتور ترین ممالک میں سے ایک بنا رہے ہیں۔
ٹھاکر نے لداخ کے لوگوں کو بیرونی اثرات سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حکومت نے سرحدوں کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کیے ہیں۔
ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ وزیر مرکزی زیر انتظام علاقہ لداخ کے دو روزہ دورے پر ہیں۔
وزیر اعظم کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہ سرحدی دیہات آخری گاؤں نہیں ہیں بلکہ پہلے گاؤں ہیں جہاں تمام سہولیات پہنچنی چاہئیں وزیر نے کہا کہ لداخ کے لوگوں کو بھی بیرونی اثرات سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ حکومت نے سرحدوں کی حفاظت کیلئے مناسب اقدامات کیے ہیں۔
ہندوستان اور چین کے درمیان مشرقی لداخ میں گزشتہ تین سالوں سے سرحدی تنازعہ ہے۔ وادی گلوان میں۲۰۲۰ کے وسط میں دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان ایک پر تشدد جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں۲۰ ہندوستانی اور کم از کم چار چینی فوجی مارے گئے۔
قدرتی چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے ۱۵ہزار فٹ کی بلندی پر اپنے فرائض سرانجام دینے والی افواج کے حوصلے کی تعریف کرتے ہوئے ٹھاکر نے کہا کہ یہ ایسے فوجیوں کی استقامت ہے جو ملک کی محفوظ سرحدوں کو برقرار رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
ٹھاکر نے کہا’’یہ ہر ایک شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اپنے کردار میں ملک کی بہتری کیلئے کام کرے‘‘۔
دفاعی سازوسامان کی تیاری کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ اس سے قبل ملک صرف درآمدات پر انحصار کرتا تھا لیکن آتم نر بھر بھارت کی پہل سے دفاعی شعبے میں۴۰۰سے زیادہ اشیاء ملکی طور پر تیار کی جاتی ہیں اور پچھلے سال ایک لاکھ کروڑ روپے کے دفاعی ساز و سامان کی تیاری دیکھی گئی۔ ’’۱۶ ہزار کروڑ روپے کی ایکسپورٹ جو اپنے آپ میں ایک بڑی کامیابی ہے‘‘۔
ٹھاکر نے کہا کہ دفاعی سازوسامان کی تیاری میں جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال نے غیر ملکی کمپنیوں کی توجہ ہندوستانی کمپنیوں کے ساتھ ہاتھ ملانے کی طرف مبذول کرائی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہندستان کے دفاعی نظام کے تینوں ونگز کو مضبوط بنانے کیلئے سخت محنت کر رہی ہے۔
کرزوک گاؤں میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ کی ترقی ایک ترجیح ہے، اور مرکزی حکومت خطے میں خوشحالی کے نئے دور کے آغاز کے لیے سخت محنت کر رہی ہے۔
مرکزی وزیر نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کی ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی، روڈ کنیکٹیویٹی، سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کو بڑھانے، جل جیون مشن اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔
ٹھاکر نے خوشی کا اظہار کیا اور متحرک گاؤں پروگرام کے تحت سرحدی علاقے میں حکومت کے مختلف اقدامات کے کامیاب نفاذ پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیر نے کہا کہ لداخ جیسے دور دراز علاقوں میں بھی آئین، مقاصد اور قیادت میں لوگوں کا اعتماد مضبوط ہوا ہے اور مرکزی حکومت بھی یہاں کے لوگوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سخت محنت کر رہی ہے۔
ٹھاکر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی لداخ کی تیز تر ترقی کے خواہشمند ہیں اور زمینی سطح پر صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے مرکزی وزراء کو یہاں بھیجتے ہیں تاکہ مقامی لوگوں کو درپیش مسائل کو موثر انداز میں حل کیا جا سکے۔
مرکزی حکومت کی طرف سے کئے گئے ترقیاتی اقدامات کی وضاحت کرتے ہوئے ٹھاکر نے کہا کہ مودی حکومت نے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ملک بھر میں کئی پروگراموں اور اسکیموں کو نافذ کیا ہے۔ان کاکہنا تھا’’ لداخ میں بھی منظر نامہ بدل گیا ہے۔ زراعت سے وابستہ لوگ زیادہ منافع بخش ہوئے ہیں، تجارت اور صنعت میں اضافہ ہوا ہے، مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع بڑھے ہیں اور دور دراز علاقوں میں بھی تعلیم اور صحت کی اچھی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں‘‘۔
ٹھاکر نے زور دے کر کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں ہندوستان کی ساکھ دنیا اور ملک میں بڑھی ہے۔