نئی دہلی//
وزیر دفاع ‘راج ناتھ سنگھ نے وزارت کے چھ بڑے محکموں سے کہا ہے کہ وہ ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ٹائم باؤنڈ ایکشن پلان تیار کریں اور۱۵دنوں کے اندر کارروائی کی رپورٹ پیش کریں۔
جمعرات کو وزارت دفاع کے چھ بڑے محکموں کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ چنتن شیویر کے بعد سنگھ نے ٹویٹ کیا کہ میٹنگ میں تفصیل سے نتیجہ خیز بات چیت ہوئی۔ ملک کی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں سے کہا ہے کہ وہ ٹائم باؤنڈ ایکشن پلان تیار کریں اور ۱۵دن کے اندر کارروائی کی رپورٹ پیش کریں۔
میٹنگ میں ملکی دفاعی مینوفیکچرنگ میں انڈیجنائزیشن میں اضافہ، بہتر صحت اور تنخواہ، حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجیوں کو پنشن اور ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کی مختلف تحقیقی تنظیموں کے ساتھ تعاون بڑھانے اور مستقبل کے روڈ میپ سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں تمام محکموں کی جانب سے پریزنٹیشنز دی گئیں اور کھلے ذہن کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔
میٹنگ میں وزارت کے محکمہ دفاع، محکمہ دفاعی پیداوار، محکمہ عسکری امور، محکمہ سابق فوجیوں کی بہبود اور دفاعی تحقیق اور ترقی کی تنظیم کے کام کاج کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر مملکت برائے دفاع اجے بھٹ، چیف آف ڈیفنس اسٹاف انیل چوہان، آرمی چیف جنرل منوج پانڈے ، دفاعی سکریٹری گریدھر ارمان اور اعلیٰ فوجی اور وزارت کے افسران نے کیمپ میں شرکت کی۔