سرینگر//
مسلم وقف بورڈ کے سابق نائب چیئرمین‘ نظام الدین بٹ نے وقف منتظمین سے کہا ہے کہ عید الاضحی کی مناسبت سے محتاجوں اور ضرورت مندوں کی مالی مدد فراہم کریں جوکہ وقف بورڈ کا بُنیادی فرض منصبی ہے۔
بٹ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ روایت بھی یہی رہی ہے کہ بورڈ اپنے بیت المال، جس کو آستانوں اور بقعہ عالیوں وغیرہ کی وساطت سے لوگوں سے عطیات موصول ہورہے ہیں‘ اُس میں سے محتاجوں کی مدد کی جاتی رہی ہے۔ان کاکہنا تھا’’ عید کے اس موقع پر جبکہ بحیثیت مجموعی لوگوں کی مالی مشکلات بڑھ رہی ہیں وقف ایسے ادارے اپنا امدادی ہاتھ آگے بڑھائے‘ تاکہ ضرورت مند اور محتاج بھی عید کی خوشیوں اور مسرتوں میں شریک ہوکر راحت وسکون پاسکیں‘‘۔
مسلم وقف بورڈ کے سابق نائب چیئرمین نے وقف سے یہ بھی کہا ہے کہ وہ مختلف امراض میںمبتلا مریضوں اور یتیم خانوں میں پرورش پارہے یتیموں کی بھی راحت رسانی کے طور پر مالی مدد فراہم کرے ساتھ ہی ان لوگوں جو مختلف وجوہات اور ضرورتوں کے پیش نظر وقف سے مالی امداد کی فراہمی کیلئے رجوع کررہے ہیں۔
بٹ نے کہا کہ ہسپتالوں میںزیر علاج لوگوں کی بھی ایک اچھی تعداد وقف بورڈ کی طرف سے مالی امداد کی منتظر ہے ۔ انہوںنے توقع ظاہر کی ہے کہ منتظمین بغیر کسی مصلحت کے ضرورت مندوں کی مدد کرنے کیلئے پہل کریں گے۔