بھدرواہ/جموں//
جموں و کشمیر کے پہاڑی اضلاع ڈوڈہ اور رامبن میں منگل کو تین الگ الگ واقعات میں تین گاڑیاں سڑک سے پھسل کر گہری کھائیوں میں گرنے سے آٹھ افراد ہلاک اور سولہ دیگر زخمی ہو گئے۔
بھدرواہ کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس‘ ونود شرما نے بتایا کہ ڈوڈہ میں بھدرواہ،پٹھانکوٹ قومی شاہراہ پر چٹرگلہ ٹاپ کے قریب پہلے حادثے میں، پانچ افراد کی موت اس وقت ہوئی جب وہ گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ وہ سڑک سے پھسل کر۲۵۰ میٹر گہری کھائی میں گر گئی۔
شرما نے بتایا کہ گاڑی میں سوار دیگر گیارہ مسافروں کو زخمی حالت میں بچا لیا گیا اور انہیں ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
افسر نے بتایا کہ حادثہ گلڈنڈہ کے میدان میں پیش آیا جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسافر گاڑی کٹھوعہ ضلع کے بنی علاقے سے بھدرواہ جا رہی تھی۔
ایک اور واقعہ میں، ایک شہری‘ جاوید احمد کی موت ہو گئی اور چار دیگر زخمی ہوئے جب ان کی گاڑی ڈوڈہ ضلع کے بھلہ علاقے میں گہری کھائی میں گر گئی۔ انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ رام بن ضلع میں، دو افراد ‘ محمد افضل اور محمد عظمت ‘ اس وقت ہلاک ہو گئے جب ان کی کار سڑک سے پھسل کر رامپاری کے قریب جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ۲۰۰میٹر سے زیادہ کھائی میں گر گئی۔
حکام نے بتایا کہ ایک اور شخص شبیر احمد ملک اس حادثے میں شدید زخمی ہوا ہے اور اسے ریسکیو ٹیم نے ہسپتال بھیج دیا ہے۔
اس دوران لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے ڈوڈہ اور رام بن میں پیش آئے سڑک حادثات میں جانی نقصان پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ ڈوڈہ اور رام بن کے سڑک حادثات میں جانوں کی زیاں سے اِنتہائی دُکھ ہوا ہے ۔اُنہوں نے سوگوار کنبوں سے دِلی ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔ اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ اَفراد کے لئے تمام ضروری اِمداد کو یقینی بنائیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ہر مرنے والے کے لواحقین کو ۵لاکھ روپے کے ایکس گریشیا کا بھی اعلان کیا اور شدید زخمیوں کو ۵۰ہزار روپے دئیے جائیں گے۔