سرینگر//
مناسک حج کے ایام قریب آنے کے ساتھ ہی سعودی عرب میں بغیر پر مٹ حج کرنے کی کوشش کرنے والوں کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔
سعودی محکمہ امن و عامہ کے ڈائریکٹر محمد البسامی نے کہا ہے کہ بغیر پرمٹ کے حج پر جانے والے ایک لاکھ ۵۹ ہزار۱۸۸ تارکین کو واپس کیا گیا۔
عکاظ اخبار کے مطابق محمد البسامی نے بتایا کہ ’مکہ مکرمہ سے بغیر پرمٹ حج پر جانے کی کوشش پر پانچ ہزار۸۶۸ غیرملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے یہ اقامہ، ملازمت اور سرحدی امن قوانین کی خلاف ورزی کے بھی مرتکب پائے گئے ہیں۔‘
امن و عامہ کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ’غیرقانونی طریقے سے عازمین حج کو مشاعر مقدسہ لے جانے والے۹؍ افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ مکہ مکرمہ کے باہر چیک پوسٹوں سے ایک لاکھ۹ہزار۱۱۸ گاڑیوں کو واپس کیا گیا۔‘
علاوہ ازیں سعودی محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر اور حج سکیورٹی کمیٹی کے سربراہ محمد البسامی نے کہا ہے کہ مشاعر مقدسہ مستقبل میں سمارٹ زون ہوں گے۔
ایس پی اے کے مطابق محمد البسامی نے کہا کہ ’ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سعودی اتھارٹی (سدایا) کے ساتھ مل کر مصنوعی ذہانت کے ذریعے حج سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔‘
ان کاکہنا تھا’حج سیزن کو فول پروف بنانے کے لیے سکیورٹی سکیمیں تیار ہیں۔ بدامنی کی ہر کوشش کا مقابلہ کیا جائے گا۔‘
البسامی نے کہا کہ ’عازمین حج کی سلامتی اور نقصان پہنچانے والی ہر سرگرمی کو روکا جائے گا۔ سلامتی اور بچاؤ کے اصول پر عمل کیا جائے گا۔‘ان کا مزیدکہنا تھا کہ۸۳ جعلی حج معلمین کو گرفتار کیا گیا ہے ۔
اس دوران سعودی شہری دفاع حج فورس کے کمانڈر حمود الفرج نے کہا ہے کہ ’عازمین حج کو ایسی کسی بھی عمارت میں ٹھہرانے کی اجازت نہیں جہاں سلامتی کے انتظامات نہ ہوں۔‘
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مکہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمانڈر حمود الفرج نے حج سیزن میں محکمہ شہری دفاع کے انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
کمانڈر حمود الفرج نے کہا کہ ’حج سیزن۲۰۲۳کے دوران خطرات سے بچاؤ اور آگہی پر توجہ مرکوز ہے۔ منیٰ اور عرفات میں تمام خیمے سلامتی کے وسائل سے آراستہ ہیں۔‘
الفرج نے کہا کہ ’شہری دفاع کے اہلکاروں کو متعدد تربیتی کورس کرائے گئے ہیں۔ انہیں اس بات کی تربیت دی گئی ہے کہ عازمین حج کو ہر طرح کے خطرات سے بچانے والے انتظامات پر توجہ اور خطرے کی صورت میں متاثرین کا دائرہ محدود تر کرنے کا اہتمام کیا جائے۔‘
حمود الفرج نے بتایا کہ ’مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور مشاعر مقدسہ میں شہری دفاع کے ادارے اور اہلکار حفاظتی سکیموں، آگہی پروگرام، آپریشن سسٹم اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کے پروگرام پر کام کر رہے ہیں۔‘
’’اس مقصد کیلئے المشاعر آپریشن سینٹر قائم کیا گیا ہے۔ اسی طرح مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں رضاکاروں کی خدمات لی گئی ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’مسجد الحرام میں سکیورٹی فورس کی مدد کی جا رہی ہے جبکہ حج ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ساتھ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے سلسلے میں حکمت عملی بھی تیار ہے۔‘‘