سرینگر//
مرکزی وزیر داخلہ‘امیت شاہ کے دو روزہ دورے جموں و کشمیر کے پیش نظر وادی کشمیر بالخصوص شہر سرینگر کے قرب و جوار میں سکیورٹی کا فقید المثال بندوبست کیا گیا ہے ۔
بتا دیں وزیر داخلہ امت شاہ جمعے کے روز دو روزہ دورے پر جموں پہنچ رہے ہیں جس دوران وہ یو ٹی کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیں گے ۔
اطلاعات کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اپنے دو روز دورے جموں و کشمیر کے دوران۲۳جون جمعے کے روزجموں وارد ہونگے ۔
ذرائع نے بتایا کہ جمعے کی صبح وزیر داخلہ امیت شاہ جموں وارد ہونگے اور شاما پرساد مکھرجی کے مجسمے پر پھول چڑھا کر اپنے دورے کا آغاز کریں گے ۔
وزیر داخلہ سانبہ میں سینٹرل فارینسک سائنس لیبارٹری کا سنگ بنیار رکھیں گے اور بعد ازاں جموں شہر میں مختلف ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد بھی رکھیں گے ۔
معلوم ہوا ہے کہ جمعے کی سہ پہر کو وزیر داخلہ سری نگر روانہ ہونگے اور راج بھون سری نگر میں مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کریں گے ۔بعدا زاں وزیر داخلہ مرکزی وزارت کلچر کی جانب سے منعقد کئے جا رہے وتستا فیسٹول میں بھی شرکت کریں گے ۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ اپنے دورے کے دوسرے دن’بلیدان ستمبھ‘ یادگار کا سنگ بنیاد رکھیں گے، یہ ایک علامتی ستون ہے جو سیکورٹی فورسز کے بہادری کے کاموں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے بنایا جائیگا۔ یہ اہم یادگار سرینگر کے پرتاپ پارک میں واقع ہوگا۔
بھاجپا ذائع کے مطابق امیت شاہ پوترا گھپا کے درشن پر بھی جاسکتے ہیں وہاں پر ان کا خصوصی پوجا پاٹ میں شرکت کرنے کا امکان ہے ۔
ذرائع کے مطابق سری نگر میں قیام کے دوران وزیر داخلہ کا مختلف عوامی وفود کے ساتھ ملاقات کرنے کا بھی پروگرام ہے جبکہ سرینگر میں امیت شاہ سیکورٹی جائزہ میٹنگ میں بھی شرکت کریں گے ۔
ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر جموں و کشمیر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا’’شہر میں مختلف مقامات پر عارضی ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقوں میں نگرانی بڑھائی گئی ہے ‘‘۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے جمعرات کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے بتایا کہ شہر کے تمام علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور ناکوں کے جال کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جنگی ساز و سامان سے لیس سیکورٹی اہلکار انتہائی چوکنا ہیں۔
نامہ نگار نے بتایا کہ ناکوں پر مسافر بردار گاڑیوں کی بھی تلاشی کی جاتی ہے اور ان میں سوار مسافروں کی بھی جامہ تلاشی اور ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ کئی مقامات پر راہگیروں کو بھی روک کر ان کی تلاشی اور شناختی کارڈ چیک کئے جاتے ہیں۔
نامہ نگار نے بتایا کہ لالچوک، بٹہ مالو، جہانگیر چوک، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ، ریگل چوک وغیرہ میں اہم چوراہوں پر لگے ناکوں پر گاڑیوں، راہگیروں خاص کر موٹر سائیکل سواروں کو روکا جا رہا ہے اور ان کی جامہ تلاشی اور شناختی کارڈوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے ۔
رپورٹس کے مطابق اپنے دورے کے دوران موصوف وزیر داخلہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا فوج، پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کے اعلیٰ افسروں کے ساتھ میٹنگیں کریں گے ۔وزیر داخلہ بی جے پی لیڈروں اور امکانی طور پر پنچایتی راج کے کارکنوں کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے ۔