نئی دہلی//
وزیر اعظم نریندر مودی۲۰جون کو امریکہ اور مصر کے پانچ روزہ دورے پر جائیں گے اور۲۱جون کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں یوگا کے عالمی دن کی تقریب کی قیادت کریں گے ۔
وزارت خارجہ نے آج یہاں کہا کہ امریکی صدر جوزف بائیڈن اور خاتون اول ڈاکٹر جل بائیڈن کی دعوت پر وزیر اعظم کا امریکی دورہ نیویارک سے شروع ہوگا، جہاں ۲۱جون کو اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں مودی یوگا کے عالمی دن کی تقریبات کی قیادت کریں گے ۔
دسمبر ۲۰۱۴میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے۲۱جون کو یوگا کا عالمی دن قرار دینے کی قرارداد منظور کی تھی۔
اس کے بعد وزیر اعظم واشنگٹن جائیں گے ‘ جہاں۲۲جون کو وائٹ ہاؤس میں ان کا باقاعدہ استقبال کیا جائے گا اور وہ صدر بائیڈن سے ملاقات کریں گے ۔
صدر بائیڈن اور خاتون اول ڈاکٹر جل بائیڈن اسی شام وزیر اعظم کے اعزاز میں سرکاری عشائیہ دیں گے ۔
وزیر اعظم ایوان نمائندگان کے اسپیکر کیون میک کارتھی اور سینیٹ کے صدر چارلس شومر کی دعوت پر۲۲جون کو امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے ۔
امریکی نائب صدر کملا ہیرس اور سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلکن مشترکہ طور پر وزیراعظم کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے ۔
سرکاری مصروفیات کے علاوہ‘وزیراعظم کے پاس سی ای اوز‘پیشہ ور افراد اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بات چیت کا ایک بڑا پروگرام ہے ۔ وہ ہندوستانی تارکین وطن سے بھی ملاقات کریں گے ۔
وزیر اعظم امریکہ کے دورے کے بعد۲۴سے ۲۵جون تک مصر کے دورے پر قاہرہ پہنچیں گے ۔ یہ دورہ مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی دعوت پر ہو رہا ہے جنہوں نے جنوری۲۰۲۳میں یوم جمہوریہ کی تقریبات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی تھی۔ یہ وزیر اعظم کا مصر کا پہلا دورہ ہوگا۔
صدر سیسی کے ساتھ اپنی بات چیت کے علاوہ‘ وزیر اعظم سے توقع ہے کہ وہ مصری حکومت کے سینئر معززین، کچھ ممتاز مصری شخصیات کے ساتھ ساتھ مصر میں ہندوستانی برادری سے بھی بات چیت کریں گے ۔ ہندوستان اور مصر کے تعلقات قدیم تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے ساتھ ساتھ گہرے ثقافتی اور لوگوں کے درمیان تعلقات پر مبنی ہیں۔
جنوری۲۰۲۳میں صدر سیسی کے ریاستی دورے کے دوران تعلقات کو ’اسٹریٹجک پارٹنرشپ‘تک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔