سرینگر//
یکم جولائی سے شروع ہونے والی سالانہ امرناتھ جی یاترا کیلئے چاپر سروس کیلئے آن لائن بکنگ شروع ہوگئی ہے ۔
شری امرناتھ شرائن بورڈ ذرائع کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر سروس سری نگر، بالتل اور پہلگام سے دستیاب ہوگی جس سے عمر رسیدہ اور علیل یاتریوں کو راحت ملے گی۔انہوں نے کہا کہ اس سروس سے وہ یاتری بھی مستفید ہوں گے جن کے پاس وقت کم ہوگا۔
بورڈ ذرائع نے بتایا کہ امسال چاپر کرایے میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے اور سال گذشتہ کی ریٹ پر ہی ٹکٹ فراہم کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کی آن لائن بکنگ رجسٹرڈ ایجنٹوں اور بورڈ کی ویب سائٹ سے کی جاسکتی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ بالتل سے گلوبل ویکٹرا ہیلی کاپٹر پرائیویٹ لمیٹڈ اور ایرو ائیر کرافٹ لمیٹڈ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
بورڈ کے مطابق بالتل سے یکطرفہ۲۸سو روپے کرایہ ہوگا جبکہ دونوں طرف۵۶سو روپے کرایہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پہلگام سے ہریٹیج ایویشن پرائیویٹ لمیٹڈ کی خدمات حاصل کی جائیں گی جس کا یک طرفہ کرایہ ۴۲سو روپے ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ سری نگر سے پون ہنس لمیٹڈ کی خدمات حاصل کی جائیں گی جس کا سری نگر‘پہلگام کا کرایہ۱۰ہزار۸سو روپے ہوگا۔
بورڈ حکام کے مطابق اب تک ڈھائی لاکھ کے قریب یاتریوں نے رجسٹریشن کی ہے ۔
جنوبی کشمیر کے ہمالیہ پہاڑوںمیں۳ہزار۸سو ۸۰میٹر کی بلندیوں پر واقع شری امر ناتھ مندر کی سالانہ یاترا یکم جولائی سے شروع ہوگی جو۳۱؍اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بدھ کے روز بالتل کا دورہ کرکے یاترا کے لئے کی جا رہی تیاریوں کو جائزہ لیا۔انہوں نے اس موقع پر عہدیداروں سے تاکید کی کہ وہ یاترا راستے پر کمیونکیشن سروسز اور شبانہ ہوائی سروسز کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر لکھن پور سے پوترا گھپا تک۶۰ہزار سیکورٹی فورسز کو تعینات کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ یاترا کے پیش نظر سی آر پی ایف نے ضلع اودھم پور میں کئی مقامات پر سپیشل ڈاگ اسکواڈ تعینات کئے ہیں۔بی آر او حکام کا کہنا ہے کہ پہلگام کی طرف یاترا راستوں کو۱۵جون سے قبل ہی مکمل طور پر بحال کیا جائے گا۔
ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز جموں وکشمیر نے تمام متعلقہ افسروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ یاترا کے دوران ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کی چھٹیوں کی درخواستوں کو منظور کریں نہ آگے بڑھائیں۔
حکام کے مطابق امسال۵لاکھ یاتریوں کے آنے کی توقع ہے ۔