سرینگر//
جموں کشمیر سے حج سال۲۰۲۳کیلئے آج بدھ وار سہہ پہر۳بجے سرینگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دو الگ الگ پروازوں کے ذریعے ۶۳۰عازمین پر مشتمل پہلا قافلہ سعودی عرب روانہ ہوا۔
جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عازمین کے قافلے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
یو این آئی نامہ نگار کے مطابق بمنہ حج ہائوس میں کافی چہل پہل اور جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے جہاں بدھ کی صبح سے ہی عازمین حج نعروں کی گونج میں اپنے احباب و اقارب کی معیت میں جمع ہو رہے ہیں۔
نامہ نگارنے بتایا کہ کئی گھنٹوں تک حج ہاوس میں قیام کے بعد عازمین کو ٹی آر سی کی خصوصی گاڑیوں کے ذریعے سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف روانہ کیا گیا۔
معلوم ہوا ہے کہ ہوائی اڈے پر تین بجے کے قریب حاجیوں کے پہلے قافلے کوجموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
اس موقع پر ایل جی منوج سنہا نے سفر محمود پر جانے والے حاجیوں سے ملاقات کی اور ان کے تئیں نیک تمناوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ میں کامیاب حج اور جموں وکشمیر کی خوشحالی کیلئے دعا کرتا ہوں۔
حکام کے مطابق سرینگر ہوائی اڈے سے ۳۱۵عازمین پر پہلی پرواز۳بجے جدہ کیلئے روانہ ہوگی جبکہ اتنے ہی عازمین پر مشتمل دوسری پرواز۷بجے شام روانہ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ۱۰برسوں میں پہلی بار سری نگر ہوائی اڈے سے حج پرواز براہ راست جدہ روانہ ہوگی۔
امسال جموں وکشمیر کے لگ بھگ ۱۲ہزار لوگ حج کا مقدس فریضہ انجام دیں گے ۔
ادھر سری نگر ہوائی اڈے پر حج سال۲۰۲۳کے عازمین کے لئے تمام تر انتظامات کئے گئے ہیں۔
ائیر پورٹ حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی اڈے پر عازمین حج کو انٹری گیٹ سے ہوائی جہاز تک پہنچانے کے لئے ایک الگ علاقہ مختص کیا گیا ہے اور اس کے علاوہ احرام پہننے کے لئے عازمین کے لئے الگ الگ جگہیں رکھی گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عازمین کے آرام دہ اور احسن سفر کو یقینی بنانے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ عازمین کے سامان کی چیکنگ کیلئے حج ہائوس بمنہ میں خصوصی کائنٹرز قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عازمین کو اے سی گاڑیوں میں ہوائی اڈے تک پہنچایا جائے گا اور ان کے سامان کو الگ ٹرکوں میں لے جایا جائے گا۔
سرینگر بین الاقوامی ہوائی اَڈے سے ۷ جون سے۲۲جون کے درمیان کُل۴۰پروازیں چلیں گی۔ اِس برس جموںوکشمیر یوٹی سے تقریباً۱۲ہزار۷۹؍اور لداخ یوٹی کے ۴۵۲ عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔