سرینگر/۵جون
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کہا ہے کہ اِنسانیت کو آج پلاسٹک کی آلودگی کے سنگین چیلنجوں کا سامنا ہے۔
سنہا آج سرینگر میں محکمہ جنگلات و ماحولیات کے زیر اہتمام عالمی یوم ماحولیات کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ماحولیات اور قدرتی وسائل کے تحفظ اوردیرپا ترقی کیلئے جموںوکشمیر یو ٹی اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا ۔
سنہا نے کہا ’’ اِنسانیت کو آج پلاسٹک کی آلودگی کے سنگین چیلنجوں کا سامنا ہے ۔ اس برس ماحولیات کے دن پر ہمارا ریزولیوشن ’ پلاسٹک کی آلودگی سے بچاؤ ‘ ہے ۔ اَب یہ پورے سماج کی ذمہ داری ہے کہ وہ جن بھاگیداری کے جذبے سے اس عزم قرار داد کو پایۂ تکمیل تک پہنچائے ۔ ‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم نیچرکے بغیر نہیں رہ سکتے ۔ یہ دِن ہمیں اَپنے اعمال کو تیز کرنے اور طرزِ زندگی میں طرز عمل میں تبدیلی لانے کی یاد دِلاتا ہے ۔ ہمارے جنگلات ، دریاؤں اور جھیلوں ، پہاڑوں ، گھاس کے میدانوں ، کھیتوں اور شہری مناظر کو پلاسٹک کی آلودگی سے پاک کرنا تمام شراکت داروں کی ترجیح ہونی چاہئے۔
سنہانے کہا کہ یہ دہائی تباہ کُن موسمیاتی تبدیلیوں کو روکنے اور حیاتیاطی تنوع کے نقصان کو کم کرنے میں سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ۲۰۴۰ ء تک ہم صرف سرکلرٹی اکانومی کی حکمت عملی اپنا کر پلاسٹک کی آلودگی کو ۲۰ فیصد تک کم کر سکیں گے ۔
لیفٹیننٹ گورنرنے کہا ’’ ہمیں پلاسٹک کی آلودگی کو کم کرنے کیلئے مربوط نقطہ نظر ، سرکلرٹی اکانومی ، دوبارہ اِستعمال ، ری سائیکل ، ری اورینٹ اور ڈائیورسیفائی پر عمل کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ وقت ہے کہ ہم ماحولیاتی تحفظ کیلئے مصنوعات کی دوبارہ ڈیزائن اور ری پیکجنگ کیلئے دیرپا متبادل مواد کی ترغیب دے کر فروغ دیں ۔ ‘‘
سنہا نے اس طرح کی تبدیلی سے روز گار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے ایک طریقہ کار بنانے کی تجویز دی ۔
ایل جی نے جموں کشمیر میں جی۲۰ ٹورازم میٹ کے کامیاب انعقاد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی تقریب نے جموںوکشمیر یو ٹی کو بین الاقوامی سیاحتی نقشے میں جگہ دی ہے ۔
سنہا نے مزید کہا کہ ہمارے قدرتی ورثے کے برف پوش پہاڑوں ، شاندار چوٹیوں ، بھر پور جنگلات ، دلکش الپائن میڈوز ، پرسکون جھیلوں اور ندی نالوں کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے بچانے کی ضرورت ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم واقعی خوش قسمت ہیں کہ ہمیں قدرت نے بے لوث وہ سب کچھ دیا ہے جو بہتر زندگی کیلئے ضروری ہے اور یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم قدرتی وسائل کے تحفظ کیلئے کوششیں کریں ۔ اُنہوں نے پلاسٹک کی آلودگی کے اثرات کو کم کرنے کیلئے مرکزی حکومت اور جموںوکشمیریو ٹی انتظامیہ کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ شہری ترقی اور منصوبہ بندی کی پالیسیوں میں مربوط کوششیں ہمارے شہروں کے مستقبل کا تعین کر رہی ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ گذشتہ تین برسوں میں ماحولیات کے بارے میںبالخصوص نوجوانوں میں بیداری میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔
ایل جی نے بیداری پھیلانے اور ماحول پر موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات کو کم کرنے کی مسلسل کوششوں کیلئے محکمہ جنگلات کی سراہنا کی جس میں ’ ہر گاؤں ہریالی ‘ پیڑلگاؤ بیٹی کے نام ، گرین لائف مقابلہ ، مشن لائف اور ماحولیاتی تحفظ کی مہمات میں جن بھاگیداری کی حوصلہ افزائی کرنا جیسے اقدامات شامل ہیں ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے گرین ٹیکنالوجی اور ماحول دوست ماڈلوں کو استعمال کرنے کیلئے تمام امکانات کو تلاش کرنے پر بھی زور دیا جو ملک بھر کے اختراع کاروں، کاروباری افراد اور مختلف سکولوں کے طلباء نے نمائش کے دوران پیش کئے تھے ۔