نئی دہلی//مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے بدھ کے روز دنیا کے سرکردہ اقتصادی ممالک سے اپیل کی کہ وہ اس وقت نہ صرف وبا سے متاثرہ معیشت کو بحال کرنے کی کوششیں کریں بلکہ مستقبل کے معاشی جھٹکوں کا سامنا کرنے کی طاقت بھی رکھیں۔
وہ واشنگٹن میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے زیر اہتمام جی 20 ابھرتی ہوئی معیشتوں کے اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔جی 20 کے رکن ممالک کے سربراہان کی میٹنگ کے موقع پر الگ الگ منعقدہ اس میٹنگ میں وزیر خزانہ سیتا رمن نے اقتصادی منظر نامے اور مستقبل قریب میں ابھرتے ہوئے ممالک کو درپیش اقتصادی چیلنجوں پر اپنے خیالات پیش کئے۔ اس تناظر میں انہوں نے خوراک اور توانائی کی سلامتی اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے مالیاتی دباؤ کا حوالہ دیا۔
وزیر خزانہ نے ماحولیاتی طور پر مستحکم اور مالی طور پر قابل عمل متبادل توانائی کے ذرائع کی ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں انٹرنیشنل سولر انرجی الائنس(آئی ایس اے ) ایک موثر پلیٹ فارم ہو سکتا ہے۔میٹنگ میں ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر شکتی کانتا داس اور چیف اکنامک ایڈوائزر(سی ای اے) وی اننتھا ناگیشورن موجود تھے۔