سرینگر/۲۹مئی
سرینگر کے گنجان آبادی والے علاقے بتہ مالو میں سمارٹ میٹرز نصب کرنے کے خلاف مرد و زن نے سڑکوں پر آکر احتجاج کیا۔
مظاہرین کے مطابق گزشتہ دنوں سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا جس کے بعد محکمہ پی ڈی ڈی نے علاقے کی بجلی کاٹ دی۔
پیر کے روز بٹہ مالو میں مرد و زن نے سمارٹ میٹرز نصب کرنے کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے۔انہوں نے بتایا کہ لوگوں نے ریکہ چوک میں دھرنا دیا جس وجہ سے علاقے میں گاڑیوں کی آمدورفت معطل ہو کررہ گئی۔
مظاہرین نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران بتایاکہ چار روز قبل محکمہ پی ڈی ڈی نے علاقے میں سمارٹ میٹرز نصب کرنے کی کوشش کی جس کے خلاف لوگ گھروں سے باہر آئے اور میٹرز نصب کرنے پر اعتراض اْٹھایا۔
مظاہرین نے کہاکہ محکمہ پی ڈ ی ڈی نے بغیر کوئی اطلاع دئے علاقے کی بجلی کاٹی جس وجہ سے لوگوں کو مشکلا ت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ بٹہ مالو علاقے میں متعدد مریض آکسیجن پر ہیں تاہم پی ڈی ڈی عہدیداروں نے ان کا بھی نہیں سوچا اور بغیر کوئی نوٹس بجلی ہی بند کردی۔
مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ بٹہ مالو کی ایک وسیع آبادی گزشتہ چار دنوں سے گھپ اندھیرے میں ہیں اور پی ڈی ڈی حکام ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں۔مقامی لوگوں نے ایل جی منوج سنہا سے فوری مداخلت کی اپیل کی۔
مظاہرین نے کہا کہ علاقے کے بیشتر بجلی صارفین اس پوزیشن میں نہیں ہیں کہ وہ زیادہ رقم کی بجلی فیس ادا کریں ۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ سمارٹ میٹر کی تنصیب کے بعد بجلی بل میں اضافہ ہو جائیگا‘جس کی ادائیگی ان کیلئے ممکن نہیں ہے ۔