سرینگر/۲۹مئی
جموںکشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر کے غوثیہ کالونی بمنہ میں شبانہ آتشزدگی کی واردات میں تین منزلہ شاپنگ کمپلیکس کو نقصان پہنچا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق غوثیہ کالونی بمنہ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب شاپنگ کمپلیکس سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناًفاناً عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابوپایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں ڈینٹل کلینک اور تین دکانوں کو نقصان پہنچا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی اردوکو بتایا کہ بمنہ میں درمیانی شب شاپنگ کمپلیکس سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے ۔
عہدیدار نے بتایا کہ سات فائر ٹینڈروں کی مدد سے آ گ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں گلیز ڈینٹل کلینک اور تین دکانوں کو نقصان پہنچا ۔
ان کے مطابق آگ کی اس واردات میں پچیس لاکھ روپے مالیت کا مال و اسباب راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوا جبکہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملے نے ایک کروڑ روپیہ مالیت کی جائیداد کو خاکستر ہونے سے بچایا۔
دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
اس دوران شمالی ضلع بانڈی پورہ کے کلوسہ میں آتشزدگی کی ایک بھیانک واردات میں تین مکانوں کو نقصان پہنچا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق پیر کے روز بانڈی پورہ کے گنائی محلہ کلوسہ میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اپنے متصل مزید دو مکانوں کو لپیٹ مین لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائر اینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ پولیس اور فوج کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ گر چہ بروقت کارروائی کے نتیجے میں آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا تاہم آتشزدگی کی اس وردات میں تین مکانوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے ۔
مقامی نے بتایا کہ پانچ کنبے کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہوئے ہیں۔