سرینگر/۱۹؍اپریل
سرینگر ہوائی اڈے پر سرینگر سے شارجہ کے درمیان براہ راست ہوائی سروس معطل کر دی گئی ہے ۔
بتادیں کہ مرکزی حکومت نے سال گذشتہ کے ماہ اکتوبر میں سری نگر سے شارجہ کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کی تھیں۔
گرچہ متعلقہ حکام اس سروس کو بند کرنے کے بارے میں خاموش ہیں تاہم بتایا جاتا ہے کہ اس سروس کے بند ہونے کی وجہ پاکستان کی طرف سے فضائی حدود کے استعمال پر پابندیوں سے یہ سروس مہنگی ہوگئی تھی۔
سرینگر ائیر پورٹ کے ڈائریکٹر کلدیپ سنگھ نے یو این آئی کو بتایا کہ سرینگر سے شارجہ کے درمیان آخری پرواز ماہ جنوری میں اٹھی تھی۔انہوں نے کہا کہ تب سے پروازوں کا یہ سلسلہ معطل ہے ۔
دریں اثنا ملک کی نجی کمپنی’‘گو فرسٹ‘جو یہ پروازیں چلاتی تھی نے ، یہ سلسلہ بند ہونے کے وجوہات ظاہر نہیں کئے ۔
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے سال گذشتہ کے۲۳؍اکتوبر کو اس شارجہ فلائٹ کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تھا۔بتایا جاتا تھا کہ اس سروس سے جموں وکشمیر میں شعبہ سیاحت کو کافی فروغ ملے گا۔لیکن یہ سروس اس وقت مشکلات کا شکار ہوئی تھی جب پاکستان نے یہ دس روز بعد ہی اپنے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔
نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پاکستان کے اس فیصلے پر افسوس ظاہر کیا تھا۔