جموں//
لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے آج ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں کشمیر یو ٹی میں مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی حکمت عملیوں ، تمام مسائل کو ہم آہنگی کے ساتھ فعال طور پر حل کرنے اور معیشت کو فروغ دینے کیلئے کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایک سرکاری ترجمان کے مطابق میٹنگ کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے جموں میں ڈویژنل کمشنر آفس اور جموں ، کٹھوعہ ، سانبہ اور اودھمپور کے۴ڈپٹی کمشنر دفاتر میں انڈسٹریز اینڈ کامرس ڈیپارٹمنٹ کا ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی ہدائت دی ۔
سنہا نے کہا کہ جموں کشمیر انتظامیہ کا بنیادی مقصد زمین کے استعمال میں تبدیلی اور کاروبار کرنے میں آسانی کو بڑھانے سمیت تمام مسائل کے حل کیلئے فعال اور ساختی ردِ عمل کو یقینی بنانا ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’ متعلقہ عہدیداروں کو ضروری مدد فراہم کرنی چاہئیے ، سرمایہ کاروں کو ہینڈ ہولڈنگ کرنا چاہئیے اور سرمایہ کاروں کو مقررہ وقت میں تمام منظوری حاصل کرنے میں مدد کرنی چاہئے۔‘‘
اجلاس میں فنانشل کمشنر ریونیو ، سیکرٹری ریونیو ، ڈویژنل کمشنر جموں ، ڈی سی جموں ، ڈی سی اودھمپور ، ڈی سی کٹھوعہ ، ڈی سی سانبہ ، ڈائریکٹر جنرل صنعت و تجارت جموں ، سیکرٹری صنعت و تجارت ، وائس چیئر مین جموں ڈیولپمنٹ اتھارٹی ( جے ڈی اے ) نے شرکت کی ۔