جموں///
اپنی پارٹی کے صدر‘سید محمد الطاف بخاری نے جموں اور کشمیر کے مختلف خطوں کے درمیان سڑک رابطہ کو بہتر بنانے کی ضرورت پرزور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں خطوں کے لوگوں کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے اورمعیشت کے فروغ اور ترقی کیلئے ایسے رابطے ضروری ہے۔
الطاف بخاری نے ان باتوں کا اظہار منگل کو پارٹی دفتر گاندھی نگر جموں میں منعقدہ ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے جموں وکشمیر کے دورہ پر مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن جے رام گڈکری کا شکریہ ادا کیا اور کشمیر سے کنیا کماری تک مضبوط سڑک اور شاہراہوں کی تعمیر کیلئے اْن کی انتھک کوششوں کی تعریف کی۔
بخاری نے کہا’’گڈکری کا مشن ایک شاندار کامیابی رہا ہے۔ بطور روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز ملک کیلئے اْن کی خدمات کو لمبے عرصے تک یاد رکھاجائے گا‘‘
اپنی پارٹی کے صدر نے مرکزی وزیر گڈکری جوکہ جموں وکشمیر کے دورہ پر ہیں، کی طرف سے مختلف جاری سڑکوں اور ٹنل پروجیکٹوں کی تکمیل کے لئے ٹائم لائن کا اعلان کرنے پر بھی اْن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا’’ہم شکرگذار ہیں کہ متعدد جاری پروجیکٹوں کی تکمیل کے لئے ٹائم لائن مقرر کی گئی ہے۔ تاریخی مغل شاہراہ پر پیر کی گلی میں ٹنل کی تعمیر کا اعلان کا ہم خیر مقدم کرتے ہوئے اْن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اِس ٹنل کی تعمیر جموں وکشمیر کے لوگوں کا ایک دیرینہ خواب رہا ہے جس کا وعدہ سال ۲۰۱۵میں مرکزی سرکار نے کیاتھا۔ ہمیں ا س بات کی خوشی ہے کہ بالآخر اِس وعدے کو پورا کیاگیا‘‘۔
بخاری نے مرکزی وزیر سے اپیل کی کہ وہ پیر کی گلی ٹنل پروجیکٹ کی تعمیر کے لئے ٹائم لائن مقرر کریں۔ انہوں نے کہا’’اس ٹنل کی تکمیل سے راجوری اور پونچھ خطہ اور وادی کشمیر کے درمیان بلاکسی رکاوٹ رابطے میں آسانی ہوگی، جو دونوں خطوں کے لوگوں کا ایک دیرینہ خواب ہے۔ اس کے علاوہ، ٹنل کی تعمیر تاریخی مغل روڈ کے ذریعے سامان اور میوہ جات کی نقل و حمل کے قابل بنائے گی، جس سے لوگوں کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔ اس لیے میں گڈکری سے درخواست کرتا ہوں کہ ایک ٹائم لائن طے کرکے اس پروجیکٹ کی تکمیل کو تیز کریں‘‘۔
زیر تعمیرزوجیلا ٹنل کی اہمیت کے حوالے سے اپنی پارٹی صدر نے کہاکہ ’’دفاعی ضروریات کے حوالے سے زوجیلا ٹنل انتہائی اہمیت کا حامل ہے ، البتہ عام آدمی کے لئے بھی یہ ٹنل ایک تاریخی ثابت ہوگا، کیونکہ اِس کی تکمیل سے دونوں خطوں کے درمیان سال بھررابطہ بحال رہ سکے گا‘‘۔
بخاری نے جنوبی کشمیر کے کرناہ سیکٹر میں سادھنا ٹاپ اور بانڈی پورہ میں رازدان درہ میں ٹنلوں کی تعمیر کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’کرناہ کے شہریوںکو برف باری کی وجہ سے سڑک بند ہوجانے کے سبب بے حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ وہ برسوں سے سادھنا ٹاپ پر ٹنل تعمیر کرنے کامطالبہ کر رہے ہیں اور یہاں تک کہ حکومت نے ٹنل بنانے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے، جس سے لوگوںکو وادی کے باقی حصوں کے ساتھ سال بھر رابطہ رکھنے میں مدد ملے گی۔