سرینگر//
پی ڈی پی سربراہ محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی کو دو سال کے لیے پاسپورٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
التجا نے جموں و کشمیر ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جب پاسپورٹ آفس کی طرف سے سی آئی ڈی محکمہ پولیس کی طرف سے کوئی کلیئرنس نہ ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے سفری دستاویز سے انکار کر دیا گیا تھا۔
ریجنل پاسپورٹ آفس کی طرف سے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل کو لکھے گئے خط کے مطابق، التجا، جو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنا چاہتی ہے، کو پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے جس کی معیاد۵؍اپریل۲۰۲۳سے۴؍اپریل۲۰۲۵تک درست ہے۔
التجا نے کہا کہ پاسپورٹ دے کر کوئی احسان نہیں کیا گیا۔میں حیران ہوں کہ اس کی میعاد صرف دو سال کی کیوں ہے جبکہ سفری دستاویز ۱۰ سال کیلئے ہوتاہے۔
واضح رہے کہ التجا مفتی نے گذشتہ برس جون کے مہینے میں پاسپورٹ کے لیے درخواست جمع کی تھی، لیکن انہیں ریجنل پاسپورٹ آفس سے پاسپورٹ نہیں ملا۔
پاسپورٹ حکام کے مطابق التجا مفتی کو سی آئی ڈی محکمہ کی جانب سے کلئرینس نہ ملنے کی وجہ سے پاسپورٹ واگزار نہیں کیا گیا۔
بتادیں کہ التجا مفتی نے۹جنوری کو ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) سی آئی ڈی کے دفتر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ محکمہ نے پاسپورٹ ویریفیکیشن گزشتہ ۶مہینے سے جان بوجھ کر نہیں کی، جس کی وجہ سے انہیں پاسپورٹ سے محروم رکھا گیا ہے۔
التجا نے خط میں لکھا کہ بیرون ملک سفر کا حق ایک بنیادی حق ہے اور اسے جواب دہندہ یا اس کی ایجنسیوں کے ذریعہ کی جانے والی غیر معمولی طویل انکوائری کا یرغمال نہیں بنایا جاسکتا۔