اپنے رینا صاحب … جموں کشمیر میں بی جے پی کے رویندر رینا صاحب آئے روز یوٹی میں اسمبلی انتخابات کے بارے میں کچھ نہ کچھ کہتے رہتے ہیں… الیکشن کے بارے میں اگر کوئی جماعت کچھ کہتی ہے تو بی جے پی کہتی ہے… بی جے پی کے رینا صاحب کہتے ہیں… رینا صاحب کبھی کہتے ہیں کہ جموں کشمیر کا اگلا وزیر اعلیٰ جموں سے ہو گا… کبھی ان کا فرمان ہو تا ہے کہ اگر وزیر اعلیٰ یقینا بی جے پی سے ہو گا… کبھی یہ جناب یہ کہتے سنے جاتے ہیں کہ اگلی حکومت بی جے پی کی ہی ہو گی … کبھی یہ کشمیر کی دو سیاسی جماعتوں ‘ پی ڈی پی اور این سی کے علاوہ کانگریس کو بھی قصہ ٔپاریہ قرار دیتے ہیں… کبھی کبھی رینا صاحب یہ بھی دعویٰ ٹھوک دیتے ہیں کہ کشمیر میں بھی بی جے پی کا ہی کنول کھلے گا کسی اور کا نہیں… بالکل بھی نہیں اور… اور آج رینا جی نے کہا ہے کہ … کہ جموںکشمیر میں جب بھی …جی ہاں ’جب بھی ‘ الیکشن ہو ں گے تو… تو ان کی جماعت پوری طاقت کے ساتھ یہ الیکشن لڑے گی …اب رینا جی کو کون کہتا ہے کہ آپ اپنی پوری طاقت کے ساتھ الیکشن نہ لڑئیے… رینا جی اور ان کی جماعت شوق سے الیکشن میں ساری طاقت لگا دیں ‘ رینا جی اور ان کی بی جے پی شوق سے ان انتخابات میں کامیابی حاصل کریں … یہ جناب شوق سے اگلا وزیر اعلیٰ جموں سے لائیں‘شریمان رینا جی اگلا وزیر اعلیٰ بی جے پی سے بنائیں‘ ہمیں اس پر بھی اعتراض نہیں ہے… بی جے پی کا حکومت بنانے ‘ بی جے پی کا وزیر اعلیٰ بنانے‘ اگلا وزیر اعلیٰ جموں سے ہونے ‘ کشمیر میں بھی کنول کھل جانے کیلئے اگر کسی چیز کی ضرورت ہے تو… تو وہ رینا صاحب کے دعوؤں کی نہیں بلکہ الیکشن … اسمبلی الیکشن کی تاریخوں ‘ اسمبلی الیکشن منعقد کرانے کے اعلان کی ضرورت ہے اور… اور رینا صاحب الیکشن میں بی جے پی کی ممکنہ کار کردگی کے حوالے سے آپ کے دعوؤں سے یقینا ہمارے کان کے پردے پھٹ گئے ہیں… لیکن وہ بات ‘ وہ اعلان سننے کیلئے ہمارے کان ترس رہے ہیں… جو اعلان آپ کو حکومت دے سکتا ہے‘ جو اعلان آپ کا وزیر اعلیٰ لا سکتا ہے‘جموں صوبے سے لا سکتا ہے…اور… اور وہ اعلان ہے جموں کشمیر میں الیکشن کا… لیکن کم بخت یہ ایسا اعلان ہے‘ جو ہو نہیں رہا ہے… جسے کیا نہیں جا رہا ہے… کیوں نہیں کیا جا رہا ہے… ہم نہیں جانتے ہیں…بالکل بھی نہیں جانتے ہیں ۔ ہے نا؟