بانڈی پورہ/۴ اپریل
جموں و کشمیر کے پولیس ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی پی) دلباغ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ یو ٹی میں عسکریت پسندی ختم نہیں ہوئی ہے لیکن ’یہ یقینی طور پر تیزی سے کم ہو رہی ہے‘ اور سیکورٹی فورسزاگلے مہینوں میں باقی ماندہ عسکریت پسندوں کو ختم کرنے کے لیے سخت محنت کر رہی ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ سری نگر اور کشمیر کے دیگر حصوں سے امن و امان کا کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن عید الفطر کی نماز کی اجازت دینے کے بارے میں حتمی فیصلہ ڈویڑنل انتظامیہ کی طرف سے آنے والے دنوں میں لیا جائے گا۔
سونہ واری، بانڈی پورہ میں ایک تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے، ڈی جی پی سنگھ نے کہا کہ کشمیر میں عسکریت پسندی ختم نہیں ہوئی ہے لیکن یہ تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا”پولیس اور سیکورٹی فورسز باقی ماندہ عسکریت پسندوں کو ختم کرنے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں۔“
دلباغ نے کہا کہ وہ نوجوان جو بصورت دیگر جھوٹے پروپیگنڈے کا شکار اور عسکریت پسندی کی طرف راغب ہو تے اب وہ مسابقتی امتحانات اور کھیلوں میں اپنے کیریئر کی پیروی کر رہے ہیں۔ نوجوانوں اور عوام نے اس جھوٹے بیانیے کو سمجھ لیا ہے جو عسکریت پسندی کو ہوا دینے کے لیے آر پار سے چلائی جا رہی تھی۔” کشمیر کے لوگوں نے اس بیانیے کو مسترد کر دیا ہے اور وہ اب امن کے لیے اپنا حصہ ڈال رہے ہیں“۔
اس بارے میں کہ آیا ڈرون کے ذریعے ہتھیاروں اور منشیات کو گرانا اب بھی ایک چیلنج ہے‘ جموں و کشمیر کے پولیس سربراہ نے کہا کہ پولیس نے دشمنوں کے ڈرون کے ذریعے نقدی، آئی ای ڈیز، ہتھیاروں اور منشیات کو ائیر ڈراپ کرنے کے عزائم کو ناکام بنانے میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا ”اگرچہ سرگرمی اس سے کم ہے جو ہم ماضی میں دیکھ رہے ہیں لیکن ڈرون کے ذریعے ہتھیاروں پہنچانے کی کوشش اب بھی کپوارہ، بارہمولہ، راجوری اور پونچھ کے علاقے میں ہوتی ہے۔ ہم نے بھاری مقدار میں ہتھیار، رقم اور منشیات ضبط کی ہیں اور اس طرح کی کوششوں کو مسلسل ناکام بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یو ٹی کے دیگر حصوں اور یہاں تک کہ پنجاب میں منشیات کی سپلائی میں ملوث افراد کا سراغ لگایا جا رہا ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔
ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس نے جموں و کشمیر میں منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ایک بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ہے۔ ان کاکہنا تھا”ہم نے پورے یو ٹی میں نشہ چھڑانے کے مراکز کھولے ہیں اور کشمیر کے بہت سے حصوں سے مطالبات ہیں۔ اس کے لیے تکنیکی عملے اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی ضرورت ہے لیکن ہم جہاں بھی ممکن ہو نشہ چھڑانے کے مراکز کو وسعت دینے پر کام کر رہے ہیں“۔
اس بارے میں کہ آیا عید گاہ سری نگر میں عید الفطر کی نماز کی اجازت دی جائے گی جیسا کہ وقف بورڈ کے چیئرپرسن درکشن اندرابی نے بتایا، ڈی جی پی نے کہا کہ حتمی فیصلہ ڈویڑنل انتظامیہ کشمیر کرے گی۔ ان کاکہنا تھا”سری نگر پرامن رہا ہے اور اسی طرح کشمیر کے دوسرے حصے بھی پرامن ہیں۔ سری نگر یا کشمیر میں کہیں بھی امن و امان کا مسئلہ نہیں ہے۔ عیدگاہ میں نماز عید کی اجازت دینے کے بارے میں حتمی فیصلہ ڈویڑنل انتظامیہ آنے والے دنوں میں کرے گی۔“