نئی دہلی// صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے ہندوستان اور جنوبی سوڈان کے درمیان دیرینہ خوشگوار اور دوستانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان جنوبی سوڈان کا ایک قابل اعتماد شراکت دار بننے کے لئے پرعزم ہے ۔
محترمہ مرمو نے جنوبی سوڈان ٹرانزیشنل نیشنل اسمبلی کی صدر محترمہ جیما نونو کمبا کی قیادت میں وہاں کے ایک پارلیمانی وفد سے بدھ کے روز راشٹرپتی بھون میں ملاقات کے دوران یہ بات کہی۔
پارلیمانی وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان اور جنوبی سوڈان کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کوجنوبی سوڈان میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں بڑے فوجی دستے کا تعاون کرنے فخرہے ۔ اس مشن کے علاوہ، ہندوستانی فوجی وہاں انسانی امداد فراہم کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
محترمہ مرمو نے کہا کہ ہندوستان جنوبی سوڈان کے لیے ایک قابل اعتماد ترقیاتی شراکت دار بننے کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ جنوبی سوڈان کے نوجوان ہندوستان کے اسکالرشپ پروگراموں کے تحت دستیاب ٹریننگ اور صلاحیت سازی کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے ۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ جنوبی سوڈان نئے آئین کا مسودہ تیار کرنے سمیت اپنے سیاسی طریقہ کار میں پارلیمانی جمہوریت میں ہندوستان کے تجربات کا فائدہ اٹھاسکتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس عمل میں ان کی مکمل حمایت کرے گا