سرینگر//
جموںکشمیر میں پچھلے کئی دنوں سے کووڈ کے یومیہ کیسز میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کے پیش نظر سبھی طبی مراکز کو الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکریٹری ہیلتھ نے سبھی چیف میڈیکل آفیسران کو ٹیسٹنگ میں اضافہ کرنے کے احکامات جاری کئے ۔
اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر میں پچھلے کئی دنوں سے کورونا کے یومیہ معاملات میں اچھال دیکھنے کو ملا ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ کووڈ کیسوں میں اضافہ کے بیچ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے سبھی چیف میڈیکل آفیسران کو ہدایت دی کہ ٹیسٹنگ میں اضافہ کیا جائے ۔
گر چہ حکومت کی طرف سے بروقوت اقدامات کئے جارہے ہیں تاہم ہسپتالوں میں خصوصی کووڈ وارڈ بھی تیار رکھے گئے ہیں تاکہ متاثرہ مریضوں کو وہاں پر بھرتی کیا جاسکے ۔
محکمہ ہیلتھ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ کھانسی اور زکام کی صورت میں لوگ نزدیکی طبی مرکز پر کووڈ ٹیسٹ کرائے ۔انہوں نے کہاکہ اگر کسی کا ٹیسٹ مثبت آتا ہے تو اس صورت میں اس کو ہوم آئسولیشن میں جانا چاہئے ۔ان کے مطابق سبھی طبی مراکز پر کووڈ کٹ دستیاب ہیں جبکہ آر ٹی پی سی آر ٹیسٹنگ سہولیات بھی بڑے ہسپتالوں میں دستیاب ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ گر چہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں تاہم ایس او پیز پر عملدرآمد ناگزیر ہے ۔
دریں اثنا پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے۳۱ مثبت معاملے سامنے آئے ہیںجن میں ۲ کاصوبہ جموں اور ۲۹صوبہ کشمیر سے ہے۔ اس طرح اَب تک مثبت معاملات کی کل تعداد۴لاکھ۷۹ہزار۸۳۱تک پہنچ گئی ہے ۔
اِسی دوران آج۴۱کووِڈ مریض شفایاب ہوئے ہیںجن میں۸کا صوبہ جموں اور۳۳ صوبہ کشمیر سے ہے۔
جموں وکشمیر میں کوروناوائرس سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد۴۷۸۶تک پہنچ گئی ،جن میں سے۲۴۳۳کا تعلق کشمیر صوبہ سے اور۲۳۵۳کاتعلق جموں صوبہ سے ہے۔