سرینگر//
جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے سندربنی علاقے میں بدھ کے روز چند افراد تحصیلدار آفس میں زبردستی داخل ہوئے اور وہا ں پرگرما گرم بحث کے دوران ہاتھا پائی شروع ہوئی جس کے نتیجے میں تحصیلدار سمیت چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس نے اس حوالے سے دو الگ الگ کیس درج کئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بدھ کے روز سندر بنی راجوری میں چند افراد تحصیلدار آفس میں زبردستی داخل ہوئے اور وہاں پرموجود آفیسران کے ساتھ نہ صرف بد تمیز ی اور گالی گلوچ کی بلکہ جھگڑا بھی کیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ ہاتھا پائی کے دوران تحصیلدار سندر بنی سمیت چار افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس نے چندر موہن اور انیل لکھن پال ساکنان سندر بنی کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر ۲۰۲۲/۲۰؍اور دویندر کمار سوڈن اور مزید تین کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر۲۰۲۲/۲۱کے تحت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش جاری ہے اور بہت جلد ملزمان کو حراست میں لیا جائے گا۔