آسٹریلیا// کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے کھلاڑیوں کی یونین کے ساتھ پیر کو طے پانے والے سمجھوتے کے مطابق خواتین ٹیم کی کم از کم اور اوسط اجرت میں 25 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سی اے نے اپنی گھریلو ٹی 20 لیگ بگ بیش لیگ کی تنخواہ کی حد میں 50 فیصد اضافہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ مردوں کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں ہر ٹیم کی تنخواہ کی حد 30 لاکھ آسٹریلیائی ڈالر تک بڑھ جائے گی، جبکہ خواتین کی بی بی ایل کی تنخواہ کی حد 7.32 لاکھ آسٹریلیائی ڈالر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سی ای کے چیف ایگزیکٹیو نک ہاکلے نے معاہدے کے بارے میں کہا ’’ہم نے اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت کو تسلیم کیا ہے کہ بی بی ایل کرکٹ کے بدلتے ہوئے منظر نامے میں انتہائی مسابقتی رہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ معاہدہ آسٹریلیا کے کرکٹ سیزن میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں مدد کرے گا۔‘‘
سی اے نے یہ بھی کہا کہ خواتین کے قومی کنٹریکٹ لسٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد 15 سے بڑھا کر 18 کر دی جائے گی۔ مقامی طور پر، ریاستی اور خواتین کے بی بی ایل کے معاہدوں پر خواتین کھلاڑیوں کی اوسط تنخواہ 1.5 لاکھ آسٹریلیائی ڈالر تک ہو جائے گی۔
ہاکلے نے کہا ’’کرکٹ اب واضح طور پر آسٹریلیا میں ایلیٹ خواتین کھلاڑیوں کے لیے کسی بھی ٹیم کے کھیل کے مقابلے میں بہترین کمائی کا موقع فراہم کرتی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’’یہ معاہدہ عالمی چیمپئن آسٹریلوی ویمن ٹیم اور ویمنز بی بی ایل کی اسٹارز کے معاوضے میں اضافے کے ساتھ خواتین کی کرکٹ کے عروج میں ایک اور بڑا قدم ہے۔‘‘
نئے معاہدے کے تحت سی اے کے ساتھ سینٹرل کنٹریکٹ کے تحت 24 مرد کرکٹرز کی اوسط تنخواہ میں بھی 7.5 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔