اُن سب لوگوں ‘جنہیں خالق سے زیادہ اس کی مخلوق سے ڈر لگتا ہے کیلئے ایک بری خبر ہے … بہت بری خبر ہے اور وہ یہ کہ رمضان جی تشریف لا چکے ہیں ۔۹ دن پہلیلا چکے ہیں۔وہ بھی ایک آدھ دن کیلئے بلکہ پورے ایک ماہ تک رمضان جی کا تشریف آوری کا پلان ہے … پختہ پلان ۔تو وہ سب لوگ جو اپنے خالق سے زیادہ اس کی مخلوق سے خائف ہیں ‘ جو رمضان جی میں اللہ میاں کی اس مخلوق سے ڈرتے پھرتے رہتے ہیں ‘کو ہمارا یہی مشورہ ہے کہ وہ چھپا چھپی کے کھیل کی مشق شروع کریں کہ انہیں یہ کھیل آج کل میں شروع کرنا ہی پڑے گا ۔ ہم جانتے ہیں کہ انہیں اس کھیل میں مہارت ہے ‘ انہیں اس کھیل کا خاصا تجربہ بھی ہے ‘ لیکن کہتے ہیں نا کہ زیادہ مشق سے اور بھی نکھار آتا ہے … ہم توقع رکھتے ہیں کہ وہ اپنے اس کھیل میں اور زیادہ نکھار لائیں گے ۔بھئی یہ نیا زمانہ ہے ‘ اس لئے نئے زمانے میں نئی باتیں ‘ نیا اسٹائل چلے گا ‘ وہ پرانا اور گھسا پیٹا اسٹائل تو بالکل بھی نہیں جہاں گھروالوں کو تو خبر ہوتی ہی تھی کہ کون روزہ دار ہے اور کون نہیں ۔ اب کی بار تو ما شاء اللہ ایسے ماہر کھلاڑی بھی چھپا چھپی کے اس کھیل سے جڑ گئے ہیں ‘ جن کے بارے میں ان کے گھروالوں کو بھی پتہ نہیں چلتا ہے کہ وہ روزہ دار ہیں یا نہیں ۔سگریٹ چوری چھپے پینے کی ان کی پرانی عادت ہے ‘ اس لئے رمضان جی میں بھی انہیں اس میں کوئی مشکل نہیںہو گی ۔ رہی بات کھانے پینے کی تو یہ پرانا زمانہ نہیں رہا جب ہوٹلوں اور ڈھابوں میں چوری چھپے کھانا پڑتا تھا … اب تو ما شاء اللہ فاسٹ فوڈ کا دورہے ‘ اپنے آرام دہ کمروں میں بیٹھے لذیز کھانا کھانا کوئی مسئلہ ہی نہیں رہا۔ اللہ میاں کی قسم اس کی مخلوق کو پتہ بھی نہیں چلے گا جن کے ڈر سے کھلاڑی ایسا کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں اور اس لئے ہو جاتے ہیں کیونکہ انہیں اللہ میاں سے بالکل بھی ڈر نہیں لگتا ہے … وہ اگر کسی ڈرتے ہیں تو اس کی مخلوق سے کہ اگر اسے معلوم ہو جائیگا کہ روزہ نہیں رکھا تو سحری اور افطاری کے اضافی کھانے سے محروم ہو نا پڑ ے گا ۔ ہے نا ؟(مکرر)