سرینگر//
ڈائریکٹر جنرل آف سی آر پی ایف کلدیپ سنگھ نے سرینگر انکاونٹر میں مارے گئے دو جنگجووں کی ہلاکت کو بڑی کامیابی سے تعبیر کیا ہے ۔
سنگھ نے بتایاکہ ۷؍اپریل کو مائسمہ علاقے میں سی آر پی ایف اہلکاروں پر ہوئے حملے میں مہلوک ملی ٹینٹ براہ راست ملوث تھے ۔
ان باتوں کا اظہارموصوف نے سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
سنگھ نے کہاکہ سات اپریل کو مائسمہ چوک میں پیرا ملٹری فورسز پر حملہ ہوا جس دوران ایک اہلکار از جان اور دوسرا شدید طورپر زخمی ہوا۔
پیرا ملٹری فورسز کے چیف نے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کے بعد معلوم ہوا ہے کہ اس حملے میں دو ملی ٹینٹ ملوث ہیں۔اُن کے مطابق پولیس اور سیکورٹی فورسز نے مشترکہ طورپر تحقیقات شروع کی جس دوران اُنہیں ملوث جنگجووں کے حوالے ایک لیڈ ملی ۔
سنگھ نے بتایا کہ اتوار کے روز سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد بشمبر نگر ڈلگیٹ کے علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران گولیوں کا تبادلہ ہوا۔انہوں نے کہاکہ گنجان آبادی کے باوجود بھی سیکورٹی فورسز اور پولیس نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستانی ملی ٹینٹوں کو مار گرانے میں کامیابی حاصل کی ۔
ڈی جی سی آر پی ایف نے بتایا کہ تصادم کے دوران دو سی آر پی ایف اور ایک پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن کی حالت ہسپتال میں خاطرے سے باہر ہے ۔انہوں نے بتایا کہ میں یہاں پر سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے آیا تھا لیکن جب سرینگر تصادم کے دوران دو اہلکاروں کے زخمی ہونے کے بارے میں پتہ چلا تو فوری طورپر ہسپتال گیا اور وہاں پر اُن کی عیادت کی۔