اسلام آباد/۱۱؍اپریل
پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں عمران خان سمیت تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے قومی اسمبلی سے استعفے دینے کا اعلان کر دیا ہے۔
سابق وزیر اعظم کا پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کہنا تھا کہ ’ہم ان کے ساتھ کسی صورت اسمبلی میں نہیں بیٹھ سکتے۔‘اس موقع پر قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم استعفے دیں گے اور لڑ کے آزادی حاصل کریں گے۔‘
دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ نواز شریف جلد واپس آ رہے ہیں۔ پاکستان قومی اسمبلی اجلاس سے قبل صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’میری مسکراہٹ نہیں بتا رہی کہ میاں صاحب جلد آ رہے ہیں‘۔