سرینگر//
وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر، جموں قومی شاہراہ پر رام بن میں مٹی کا تودا گر آنے سے منگل کی صبح ٹریفک کی نقل و حمل روک دی گئی۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر بانہال کے نزدیک شیر بی علاقے میں مٹی کا تودا گر آیا جس کی وجہ سے شاہراہ پر کشمیر جانے والی گاڑیاں درماندہ ہوگئیں۔انہوں نے کہا کہ شاہراہ کو ملبے سے صاف کرنے کے لئے کام شد ومد سے جاری ہے ۔
بتادیں کہ شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے ۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ شاہراہ کے بند ہوتے ہی جہاں ایک طرف اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوجاتی ہے وہیں دوسری طرف بازاروں میں گراں بازاری آسمان چھونے لگتی ہے ۔
دریں اثنا حکومت نے بٹوٹ، ڈوڈہ، کشتواڑ روڈ پر سڑک حادثات روک تھام کو یقینی بنانے کیلئے اقدام تجویز کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے بٹوٹ، ڈوڈہ، کشتواڑ روڈ پر سڑک حادثات کی روک تھام کیلئے اقدام تجویز کرنے کیلئے ایک پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے ۔
ذرائع نے کہا کہ ی کمیٹی بٹوٹ، ڈوڈہ، کشتواڑ روڈ اور چناب وادی کے پہاڑی علاقوں میں سڑک حادثات کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجوہات کا پتہ لگائے گی اور اس سڑک کو حادثات سے پاک بنانے کیلئے اقدامات تجویز پیش کرے گی۔
یہ کمیٹی انجینئر ان چیف (سکریٹری ٹیکنیکل، پی ڈبلیو ڈی) کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔
روڈ سیفٹی کونسل کے سکریٹری، این ایچ ڈی سی ایل جموں دفتر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، ایس ای پی ڈبلیو (آر اینڈ بی) ڈوڈہ سرکل اور ایس ایس پی (ٹریفک رورل) جموں اس کمیٹی کے ممبران ہیں۔