بھونیشور// ٹوکیو اولمپک میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم نے 2021-22 خواتین ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ میں دنیا کی نمبر ایک نیدرلینڈ کو 2-1 سے شکست دی۔
ہندوستان نے بھونیشور کے ممتاز کلنگا ہاکی اسٹیڈیم میں جمعہ کو کھیلے گئے سنسنی خیزپرو لیگ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جیت حاصل کی۔ ہندوستان کی جانب سے مڈفیلڈرس نیہا گوئل (11ویں منٹ) اور سونیکا ٹانڈی (28)، جبکہ نیدرلینڈ کے لئے کپتان ییبی جانسن (40) نے واحد گول کیا۔
میچ بہت سنسنی خیز رہا۔ دونوں ٹیموں میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ ہندوستان نے خاص طور پر نمبر ایک ٹیم کے خلاف زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ ڈفینس کومضبوط رکھا، لیکن ہندوستان 11ویں منٹ میں پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب رہا جسے نیہا نے گول میں تبدیل کرکے ٹیم کو 1-0 کی برتری دلادی۔ یہ پہلے کوارٹر کا واحد گول تھا۔
دوسرے کوارٹر کا آغاز بھی کافی جارحانہ رہا تاہم دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کو کوئی موقع نہیں دیا۔ نتیجے کے طور پر، کوارٹر بے گول جاتا ہوانظر آرہاتھا، لیکن ہندوستان کوارٹر کے اختتام سے صرف دو منٹ قبل 28 ویں منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ سونیکا نے یہ موقع ضائع نہیں کیا اور اسے گول میں تبدیل کرکے ٹیم کو 2-0 کی برتری دلادی۔ دوسرا کوارٹر اسی اسکور پر ختم ہوا۔