نئی دہلی//) ٹخنے کی چوٹ کے باعث تقریباً پانچ ماہ تک کورٹ سے باہر رہنے والی ٹاپ ہندوستانی شٹلر پی وی سندھو نے کہا ہے کہ وہ چوٹ سے مکمل طور پر صحت یاب ہو چکی ہیں اور اس سال کامیابی کی راہ پر آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں۔
دو بار کی اولمپک میڈلسٹ سندھو نے بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن (بی ڈبلیو ایف) کے ساتھ بات چیت میں کہا، "میں اب جسمانی اور ذہنی طور پر بالکل ٹھیک ہوں۔ چوٹیں آتی رہتی ہیں لیکن اپنے جسم کو صحت مند رکھنا اور مضبوطی کے ساتھ واپس آنا ضروری ہے۔ میں اعتماد، مثبتیت سے لبریزہوں اور اپنی غلطیوں سے سیکھ رہی ہوں۔”
غورطلب ہے کہ اگست 2022 میں دولت مشترکہ کھیلوں میں طلائی تمغہ جیتنے کے بعد، سندھو چوٹ کی وجہ سے کھیل سے دور ہو گئی تھیں۔ ٹخنے کے فریکچر سے صحت یاب ہونے کے بعد، انہوں نے جنوری میں ملائیشیا اوپن میں واپسی کی، حالانکہ وہاں انہیں پہلے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔