سرینگر//
سرینگر کے مائسمہ علاقے میں چند روز قبل سی آر پی ایف اہلکاروں پر ہونے والے حملے کے متعلق ایک سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پستول بردار نزدیک سے اہلکار پر گولیاں چلاتا ہے ۔
بتادیں کہ پیر کی سہ پہر کو سرینگر کے مصروف ترین بازار مائسمہ میں حفاظت پر مامور دو سی آر پی ایف اہلکاروں پر مشتبہ جنگجووں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار کی ہسپتال میں موت واقع ہوئی جبکہ اُس کے ساتھی کو بادامی باغ ہسپتال میں بھرتی کیا گیا۔
جمعرات کے روز مائسمہ حملے کی سی سی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں صاف دیکھا جاسکتا ہے کہ پیرا ملٹری فورسز پر حملے میں دو جنگجو ملوث ہیں۔
سی سی ٹی وی میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سی آر پی ایف اہلکار ایک جنگجو کا پیچھا کررہا ہے کہ اسی اثنا میں وہاں پر موجود دوسرے جنگجو نے پستول سے پیرا ملٹری فورسز اہلکار پر فائرنگ کی۔
فائرنگ کے اس واقعے کے بعد جائے وقوع سے کم دوری پر ایک اور سی آر پی ایف اہلکار کو پوزیشن لیتے ہوئے بھی سی سی ٹی وی میں صاف دیکھا جاسکتا ہے ۔
واضح رہے کہ مائسمہ حملے کے بعد پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ عام شہریوں کی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کی خاطر سیکورٹی فورسز نے کم سے کم طاقت کا استعمال کیا۔
مائسمہ حملے کے بعد شہر سری نگر میں جگہ جگہ اضافی نفری کو تعینات کیا گیا ہے جبکہ گاڑیوں اور راہگیروں کی باریک بینی سے تلاشی لینے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔