سرینگر//
جموںکشمیر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)یونٹ کے صدر رویندر رینا کا کہنا ہے کہ لینڈ مافیا نے بڑے پیمانے پر سرکاری اراضی پرقبضہ کرکے اُس زمین کو محکمہ مال کے اہلکاروں کے ساتھ ملی بھگت کرکے غریبوں کو فروخت کیا ہے لہذا اُن آفیسران کے خلاف بھی اب کارروائی ہونی چاہئے ۔
رینانے کہاکہ اس معاملے کی سی بی آئی کے ذریعے تحقیقات ہونی چاہئے اورسبکدوش ہونے والے محکمہ مال کے اُن آفیسران کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے جنہوں نے اپنی کرسی کا ناجائز استعمال کرکے سرکاری اراضی کے کاغذات بنائے ۔
ان باتوں کا اظہاررینانے ایک انٹرویو کے دوران کیا۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہاکہ جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا کو بتایاکہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ اُن محکمہ مال کے آفیسران کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے جنہوں نے لینڈ مافیا کے ساتھ مل کر سرکاری اراضی فروخت کی ہے ۔
رینا کے مطابق اس میں غریبوں کا کوئی قصور ہی نہیں کیونکہ محکمہ مال کے سابقہ آفیسران نے اپنی کرسی کا غلط استعمال کرکے سرکاری اراضی کے کاغذات بنائے لہذا کارروائی محکمہ مال کے آفیسران کے خلاف ہونی چاہئے ۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہا کہ جموں میں لینڈ مافیا نے ہزاروں کنال سرکاری اراضی کو محکمہ مال کے آفیسران کے ساتھ مل کر فروخت کیا اور یہاں تک جعلی کاغذات بھی بنا ڈالے ۔
رینانے کہاکہ محکمہ مال کے آفیسران نے لینڈ مافیا کے ساتھ مل کر غریبوں کو دھوکہ دے کر کروڑوں روپیہ کمائے ۔انہوں نے کہاکہ پچھلے ایک ہفتے سے سینکڑوں کی تعداد میں لوگ ملنے آئے اور بتایا کہ محکمہ مال کے بعض آفیسران نے لینڈ مافیا سے ملی بھگت کرکے سرکاری اراضی کو فروخت کیا ہے ۔
بی جے پی کے یونٹ صدر نے بتایا کہ میں نے یہ معاملہ ایل جی منوج سنہا اور چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا کی نوٹس میں لایا ہے ۔انہوں نے کہاکہ منوج سنہا نے یقین دلایا کہ ملوث محکمہ مال کے آفیسران جن میں پٹواری ، نائب تحصیلدار ، تحصیلدار اور گرداوار شامل ہیں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
رینا نے کہاکہ اس معاملے کی سی بی آئی کے ذریعے جانچ ہونی چاہئے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی الگ ہو سکے ۔انہوں نے مزید کہاکہ جس نے اراضی خریدی اُس کا تو کوئی قصور نہیں ، جرم تو اُس نے کیا جس نے لینڈ مافیا کے ساتھ مل کر سرکاری اراضی کو فروخت کر ڈالا۔
اُن کے مطابق ایل جی منوج سنہا کو بتایا کہ جن لوگوں کے پاس پانچ سے دس مرلہ اراضی ہے اُن کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جانی چاہئے اور اُن کی کالنیوں کو ریگولرئز کیا جانا چاہئے ۔
رینا نے کہاکہ ایل جی منو ج سنہا نے یقین دلایا کہ غریبوں کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ لینڈ مافیا کے ساتھ مل کر محکمہ مال کے جن آفیسران نے سرکاری اراضی کو فروخت کرکے بہتی ہوئی گنگا میں ہاتھ ڈبویا اُن کے خلاف بھی اور جو ریٹائرڈ ہوئے ہیں اُن کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے ۔
بی جے پی کے یونٹ صدرنے بتایا کہ سرکار کو محکمہ مال کے آفیسران کی جائیداد کے بارے میں پتہ لگانا چاہئے اور جن آفیسران نے کالے دھن سے جائیداد بنائی اُنہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیاجانا چاہئے ۔