سرینگر//(ویب ڈیسک)
بھارت نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو اٹھانے پر پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد اپنے پڑوسی ملک اور اس کے سیکولر کردار کیلئے عدم تحفظ کے گہرے احساس اور منظم نفرت کو پال رہا ہے ۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان کی طرف سے مسئلہ کشمیر کو اٹھانے پر ردعمل دیتے ہوئے، اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مشن کے قونصلر راجیش پریہار نے پیر کو کہا کہ اسلام آباد بار بار ہندوستان کے بارے میں جھوٹ بولتا ہے۔
پریہار نے کہا’’میں پاکستان کے نمائندے کی طرف سے اپنے ملک کے خلاف کیے گئے فضول ریمارکس کا جواب دینے کے لیے مجبور ہوں، جبکہ ایسا بیان ایک ذہنیت کے لیے ہماری ہمدردی کا مستحق ہے، جو بار بار جھوٹ بولتا ہے، میرے لیے ریکارڈ قائم کرنا ضروری ہے‘‘۔
قونصلرنے کہا کہ اس سے قطع نظر کہ پاکستان کا نمائندہ کیا مانتا ہے ‘ جموں و کشمیر اور لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقے ہندوستان کا ’اٹوٹ اور ناقابل تنسیخ‘ حصہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔انہوں نے کہا، ’’ہمیں اس وفد سے کسی نئی چیز کی توقع نہیں ہے جو بھارت اور ہماری سیکولر کرداراور اقدار کے لیے گہرے عدم تحفظ اور منافرت کا گہرا احساس رکھتا ہے، جن کے لیے میرا ملک کھڑا ہے۔‘‘
نئی دہلی کی جانب سے۵؍اگست ۲۰۱۹ کو جموں کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرنے کے لیے آئین کے آرٹیکل ۳۷۰ کو منسوخ کرنے کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا۔
ہندوستان نے بین الاقوامی برادری کو واضح طور پر کہا ہے کہ آرٹیکل ۳۷۰ کو ختم کرنا اس کا اندرونی معاملہ ہے۔ اس نے پاکستان کو حقیقت کو قبول کرنے اور تمام بھارت مخالف پروپیگنڈا بند کرنے کا مشورہ بھی دیا۔
ہندوستان نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ دہشت گردی، دشمنی اور تشدد سے پاک ماحول میں اسلام آباد کے ساتھ معمول کے ہمسایہ تعلقات کا خواہاں ہے۔