سرینگر//
جموںکشمیرمیں انسداد تجاوزات مہم کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہا جس کے تحت وسن کنگن میں نالہ سندھ کے نزدیک تعمیر کئے گئے ڈھانچوں اور دیواروں کو منہدم کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق پیر کے روز محکمہ مال کی ٹیم نے پولیس کے ہمراہ وسن کنگن میں نالہ سندھ کے باندھوں پر تعمیر کئے گئے ڈھانچوں کو منہدم کیا ۔
ذرائع نے بتایا کہ بااثر افراد اور کئی سیاستدانوں نے نالہ سندھ کے اردگرد غیر قانونی طورپر ہٹیں تعمیر کی تھیں جنہیں آج ہٹایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ افراد گرمی کے ایام میں یہاں پر چھٹیاں منانے کی خاطر آتے تھے ۔
معلوم ہوا ہے کہ ڈھانچوں کو منہدم کرنے کے دوران وسن کنگن میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے ۔
دریں اثنا وادی کے دیگر اضلاع میں بھی غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کی مہم جاری ہے ۔
ادھرجموں کے نروال علاقے کے ملک مارکیٹ میں انسداد تجاوزات مہم کے دوران ہوئی پتھر بازی کے سلسلے میں۵؍افراد کو گرفتار جبکہ چار دیگر کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا’’ملک مارکیٹ میں انسداد تجاوزات مہم کے دوران پتھر بازی کے سلسلے میں پانچ افراد کو گرفتار جبکہ چار کو پوچھ تاچھ کے لئے حراست میں لیا گیا ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ گرفتار شدگان میں شو روم کا مالک سجاد احمد بیگ بھی شامل ہے ۔
ذرائع نے بتایا کہ گرفتار شدگان کی ترکوٹہ نگر پولیس اسٹیشن میں پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے ۔
بتادیں کہ ملک مارکیٹ میں ہفتے کے روز گاڑیوں کے ایک شو روم کی انہدامی کارروائیوں کے دوران پتھر بازی ہوئی جس کے نتیجے میں تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے ۔