رائے پور//محمد سمیع (18/3) کی قیادت میں گیند بازوں کی زبردست کارکردگی کے بعد کپتان روہت شرما (51) کی شاندار نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے ہفتہ کو یہاں دوسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو 109 کا معمولی ہدف دیا، جس کا تعاقب میزبان ٹیم نے 20.1 اوور میں کر کے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔
ہندوستانی گیند بازوں نے اس یادگار میچ میں نیوزی لینڈ کے آٹھ بلے بازوں کو دوہرے ہندسے کو بھی عبور نہ کرنے دیا۔ سمیع نے اپنی تیز سوئنگ بالنگ سے کیوی بلے بازوں کو پریشان کرتے ہوئے تین وکٹ حاصل کئے۔ ہاردک پانڈیا اور واشنگٹن سندر نے دو دو جبکہ محمد سراج، شاردول ٹھاکر اور کلدیپ یادو نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے روہت نے نصف سنچری بنا کر ہندوستان کی جیت کو آسان بنا دیا۔ روہت نے 50 گیندوں میں سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 51 رن بنائے۔ کپتان کا وکٹ گرنے کے بعد ہندوستان کو ہدف تک لے جانے کا کام شبھمن گل (ناٹ آؤٹ 40) نے انجام کیا۔
ہندوستان نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ سیریز کا آخری میچ اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
نیوزی لینڈ کو 108 رن کے معمولی اسکور کا دفاع کرنے کے لیے نئی گیند کے ساتھ اچھی بالنگ کی ضرورت تھی۔ لوکی فرگوسن نے بھی روہت کو پہلے ہی اوور میں گیند کے ساتھ حرکت کراتے ہوئے پریشان کیا، حالانکہ اس کے بعد ہندوستانی کپتان کو کوئی دقت محسوس نہیں ہوئی۔
روہت نے اگلے ہی اوور میں ہنری شپلی کی ایک شارٹ گیند پر چوکا لگایا، جب کہ پانچویں اوور میں انہوں نے فرگوسن کو چھکا لگایا۔
روہت نے گیل کے ساتھ 72 رن کی شراکت داری کی، جو ون ڈے میں ان کی 48 ویں نصف سنچری ہے۔ روہت کا وکٹ گرنے کے بعد تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرنے آئے وراٹ کوہلی بھی نو گیندوں میں 11 رن بنانے کے بعد مچل سینٹنر کا شکار بنے۔ کیوی ٹیم کے اسپنرز کو پچ سے مدد مل رہی تھی، حالانکہ ان کے پاس دفاع کے لیے بڑے ہدف نہیں تھے۔
ایشان کشن (8 ناٹ آؤٹ) نے نو گیندوں میں دو چوکے لگائے اور ہندوستان کو 107 رن تک پہنچا دیا۔ اس کے بعد گیل نے 21ویں اوور کی پہلی گیند پر چھکا لگا کر ہندوستان کو گھر پر لگاتار ساتویں ون ڈے سیریز جیتنے کا اعزاز دلایا۔ اپنی 40 رن کی اننگز میں وقت نکالتے ہوئے، گیل نے 53 گیندیں کھیلیں اور چھ چوکے لگائے۔
ہندوستان نے 46 مہینوں سے گھریلو حالات میں کوئی ون ڈے سیریز نہیں ہاری ہے۔ انہیں آخری بار مارچ 2019 میں ون ڈے سیریز میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 3-2 سے شکست ہوئی تھی۔