سرینگر//
سرینگر کے نگین جھیل میں دوران شب آگ کی ایک ہولناک واردات میں سات ہاؤس بوٹ خاکستر ہوگئے ۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نگین جھیل میں اتوار اور پیر درمیانی شب ایک ہاؤس بوٹ سے آگ نمودار ہوگئی جس کے شعلوں نے متصل واقع ہاؤس بوٹوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ذرائع نے کہا کہ گرچہ پولیس اور مقامی لوگوں نے آگ کو قابو میں کر لیا تاہم سات ہاؤس بوٹوں کو خاکستر ہونے سے بچانے میں کامیاب نہیں ہوسکے ۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوتے ہی چھ فائر ٹنڈرس کو جائے واردات پر بھیج دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ آگ نگین کلب کی طرف لگ گئی تھی تاہم اس واردات میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔
دریں اثنا مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ آگ رات کے دو بجے ایک ہاؤس بوٹ سے نمودار ہوگئی اور اس کے شعلوں نے متصل واقع ہاؤس بوٹوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ایک ہاؤس بوٹ مالک نے میڈیا کو بتایا کہ آگ کی اس واردات نے مجھ سے سب کچھ چھین لیا۔انہوں نے کہا کہ یہ میری روزی روٹی کا وسیلہ تھا اور اب میرے سر پر چھت بھی نہیں ہے ۔
لوگوں نے انتظامیہ سے متاثرین کو بھر پور اور فوری امداد فراہم کرنے کی اپیل کی۔