ترواننت پورم/۳۰ دسمبر
وزیر دفاع‘راج ناتھ سنگھ نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھنا چاہتا ہے، لیکن ایسا قومی سلامتی کی قیمت پر نہیں کیا جائے گا۔
یہاں شیواگیری مٹھ کی 90ویں سالانہ یاترا سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی کے اس ریمارک کو یاد کیا کہ ہم دوست بدل سکتے ہیں لیکن اپنے پڑوسیوں کو نہیں۔
سنگھ کا کہنا تھا”اس لیے ہمیں اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات کی ضرورت ہے۔ تاہم ہم اچھے تعلقات برقرار رکھنے کے لیے قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ہم اپنی قومی سلامتی کی قیمت پر کسی کے ساتھ اچھے تعلقات نہیں چاہتے۔“
سنگھ نے کیرالہ میں مقیم سماجی مصلح سری نارائنا گرو کی تعلیمات کے بارے میں بھی بات کی، جیسے ’صنعت کے ذریعے خوشحالی‘ جو کہ بھارتی حکومت کی ’آتما نربھار بھارت‘ پالیسی کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ اسی کے نتیجے میں ہم دنیا کی ٹاپ 5 معیشتوں میں شمار ہوتے ہیں اور ہماری فوج کو ایک ایسی طاقت کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو اپنے حریف کےلئے سخت ثابت ہو تی ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ جب وہ مسلح افواج کی مدد سے اور پی ایم مودی کی رہنمائی میں ہندوستان کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے کام کر رہے ہیں۔
سنگھ نے کہا”میں آپ کے کام کی تعریف کرتا ہوں۔ ہم ایک قوم کے طور پر تبھی زندہ رہ سکتے ہیں جب جسم اور روح دونوں محفوظ ہوں،“ سنگھ نے کہا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سال کی سالانہ یاترا بھی کامیاب ہوگی۔