ٹورنٹو//
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں گزشتہ روز فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں حملہ آور سمیت 6 افراد ہلاک اور 1 شخص زخمی ہو گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ گزشتہ روز ٹورنٹو کے نواحی علاقے مونٹریال میں پیش آیا۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ایک ہی عمارت کے مختلف اپارٹمنٹس میں پیش آیا جس کے نتیجے میں 5 رہائشی ہلاک اور 1 زخمی ہو گیا جسے فوری طبی امداد دے کر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس حکام کا مزید کہنا ہے کہ جوابی کارروائی کے دوران مشتبہ حملہ آور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ حملہ آور کا ایک ساتھی زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ان کا کہنا ہے کہ تاحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ آیا حملہ آور عمارت کا رہائشی تھا۔
پولیس کی جانب سے ملزم کی شناخت یا مقتولین کے نام بتانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔پولیس حکام کے مطابق اب خطرے کی کوئی بات نہیں تاہم عمارت کو خالی کرا کر تحقیقات کی جا رہی ہیں، جلد رہائشی عمارت میں واپس آ جائیں گے۔
واضح رہے کہ کینیڈا میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کے واقعات شاذ و نادر ہی پیش آتے ہیں جبکہ ٹورنٹو کا شمار طویل عرصے سے دنیا کے محفوظ بڑے شہروں میں کیا جاتا ہے۔