ریاض//
گزشتہ کچھ روز میں عمرے کے لیے سعودی عرب آنے والے زائرین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد تجارتی مراکز کی رونقیں بڑھ گئیں۔
اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافے کے باعث مکہ مکرمہ کے تجارتی مراکز کی رونقیں بڑھ گئی ہیں۔
مسجد الحرام کے اطراف واقع مالز، تجارتی مراکز اور دکانوں میں پہلے سے زیادہ چہل پہل ہے۔
علاوہ ازیں المسفلہ، اجیاد، الغزہ اور انفاق المحبس الجن محلوں میں غیر ملکی زائرین بڑی تعداد میں رہائش پذیر ہیں، مسجد الحرام کے علاقے میں ہوٹل ٹاورز میں واقع مالز میں بھی زائرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔
العزیزیہ محلے میں ہر طرف زائرین نظر آرہے ہیں، جی سی سی ممالک کے علاوہ کئی عرب ملکوں کے زائرین بڑی تعداد میں عمرے کے لیے پہنچے ہوئے ہیں۔
ایک تجارتی مرکز کے ذمہ دار فرید محمد نے بتایا کہ غیر ملکی زائرین اپنے عزیزوں کے لیے تحائف، قالین، مصنوعی زیور اور ضرورت کا سامان خرید رہے ہیں، ملبوسات اور زیورات کی خریداری میں بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔
فرید محمد نے بتایا کہ تجارتی مراکز کے مالکان زائرین کی آمد سے خوش ہیں اور وہ زائرین کے خیر مقدم کی تیاریاں پہلے سے کیے ہوئے تھے۔