نئی دہلی// لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں انڈین فاریسٹ سروس کے افسران کے لیے منعقدہ اورینٹیشن پروگرام کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا تنوع اس کی طاقت ہے اور یہ ہماری طاقت ہے جو ہمارے آئین میں درج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دیگر جمہوری ممالک کے برعکس ہندوستان میں جمہوریت ہماری روایت سے جڑی ہوئی ہے اور ہماری زندگی کا حصہ رہی ہے ۔
انڈین فاریسٹ سروس کے افسران کے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ انہیں جنگلات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ ملک میں جنگلاتی رقبہ بڑھانے کے لیے کام کرنا چاہیے ۔ مسٹر برلا نے یہ بھی کہا کہ قوانین کو نافذ کرتے وقت افسران کو ان لوگوں کے تئیں حساس ہونا چاہئے جن کی زندگی اور معاش جنگلات پر منحصر ہے ۔
آب و ہوا کے تحفظ کے تئیں ہندوستان کی وابستگی کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر برلا نے کہا کہ آب و ہوا کا تحفظ اور فطرت کی پوجا ہندوستانی ثقافت اور روایت کا لازمی حصہ رہی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ آج ہندوستان موسمیاتی تحفظ میں دنیا کی قیادت کر رہا ہے ۔ اب دنیا سمجھ چکی ہے کہ ماحولیاتی توازن کے لیے متوازن طرز زندگی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ عالمی سطح پر ہندوستان کی کوششوں کی وجہ سے ہی ممکن ہوا ہے ۔
لوک سبھا کے اسپیکر نے افسران پر زور دیا کہ وہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور جنگلات کے نظم و نسق پر جاری قانون سازی کی مباحثے کو قریب سے دیکھیں۔ اس سے انہیں پالیسیوں کو سمجھنے اور انہیں بہتر طریقے سے نافذ کرنے میں مدد ملے گی۔