سرینگر//
جموں و کشمیر بی جے پی کے سربراہ نے کہا کہ وزیر داخلہ امت شاہ نے راجوری میں ایک فوجی کیمپ کے باہر دو شہریوں کی ہلاکت کا سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور قصورواروں کو سزا دینے کے لیے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا جائے گا ۔
بی جے پی کے یو نٹ صدر‘ رویندر رینا نے کہا’’وزیر داخلہ امت شاہ نے اس واقعہ کا بہت سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے۔ میں نے وزیر داخلہ امیت شاہ اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے بات کی ہے۔ اس واقعہ کی اعلیٰ سطحی انکوائری کرانا بہت ضروری ہے‘‘۔
جمعہ کی صبح ایک فوجی کیمپ کے باہر فائرنگ کے دوران سریندر کمار اور کمل کشور نامی دو شہری ہلاک اور ایک اور شخص زخمی ہو گیا۔
ان ہلاکتوں کے بعد بڑے پیمانے پر مظاہرے ہوئے اور مظاہرین نے ان ہلاکتوں کا الزام فوج پر عائد کیا۔
فوج نے اپنی طرف سے کہا ہے کہ دونوں شہری، جو پچھلے ۱۵سالوں سے فورسز کے لیے مزدور کے طور پر کام کر رہے تھے‘دہشت گردوں کی فائرنگ میں مارے گئے۔ ان افراد کو اس وقت گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا جب وہ جمعہ کو آرمی بیس کے داخلی دروازے کے قریب پہنچ رہے تھے۔