کراچی//
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا ہے کہ جیمز اینڈرسن کو آخری ٹیسٹ میچ میں آرام دیا گیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بین اسٹوکس نے کہا کہ ہم ضرور چاہیں گے کہ پاکستان کو تین صفر سے شکست دیں، ہماری توجہ نتیجے پر نہیں پروسس پر ہے۔
انگلش کپتان نے کہا کہ ہم سیریز جیت چکے ہیں جب ہی مختلف کامبی نیشن آزما رہے ہیں، ریحان احمد نوجوان ہے ہم ان کو دیکھنا چاہتے ہیں، اسے یہی پلان دیا ہے کہ آپ نے آؤٹ کرنا ہے۔
بین اسٹوکس نے کہا کہ ابرار احمد کو ہم نے بہتر انداز میں پک نہیں کیا، پاکستانی اسپنر نے بہترین کنٹرول کے ساتھ بولنگ کی۔
انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ انگلینڈ کا کپتان نہیں رہوں گا، ہم جارحانہ کرکٹ کھیلتے ہیں اور اس کی ہی پریکٹس کرتے ہیں، ہم آخری میچ میں بھی پہلے کی طرح ہی کرکٹ کھیلیں گے۔
بین اسٹوکس نے اظہر علی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اظہر علی پاکستان کرکٹ کے بہترین ایمبیسیڈر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ کل سے کراچی میں کھیلا جائے گا۔
انگلینڈ کو 3 میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کُن برتری حاصل ہے۔