چٹگاؤں// ہندوستان نے کلدیپ یادو (17/4) اور محمد سراج (3/14) کی عمدہ گیند بازی کی مدد سے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن جمعرات کو بنگلہ دیش کے آٹھ وکٹ 133 رن پر گرادیے۔
ہندوستان پہلی اننگ میں 404 رنز بنانے کے بعد بڑی برتری حاصل کرنے کے راستے پر ہے، جبکہ بنگلہ دیش کو فالو آن کے خطرے سے بچنے کے لیے مزید 71 رنز درکار ہیں۔
ہندوستان کے 404 رنوں کے جواب میں بلے بازی کرنے اتری بنگلہ دیش کی شروعات اچھی نہیں رہی اور محمد سراج نے نظم الحسن شانتو کو اننگ کی پہلی ہی گیند پر آؤٹ کر دیا۔ اس کے علاوہ سراج نے لٹن داس (24) اور ذاکر حسن (20) کی وکٹیں بھی حاصل کیں۔
بنگلہ دیش کے ٹاپ آرڈر کے پویلین لوٹنے کے بعد مشفق الرحیم (28) ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کر رہے تھے لیکن کلدیپ نے انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ اس کے علاوہ کلدیپ نے شکیب الحسن، نور الحسن اور تیج الاسلام کو بھی آؤٹ کیا۔
دن کا کھیل ختم ہونے پر مہدی حسن میراز (16 ناٹ آؤٹ) اور عبادت حسین (13 ناٹ آؤٹ) وکٹ پر موجو دہیں، جبکہ بنگلہ دیش کو فالو آن کا خطرہ ہے۔
اس سے پہلے، ہندوستان نے دوسرے دن کا آغاز 278/6 کے اسکور سے کیا، جبکہ ائیراپنی دوسری ٹیسٹ سنچری سے صرف 18 رن دورتھے۔ ائیر کو 85 کے اسکور پر نئی زندگی ملی جب لٹن داس نے عبادت حسین کی گیند پر ان کا کیچ چھوڑ دیا۔ تاہم یہ بنگلہ دیش کے لیے زیادہ نقصان دہ ثابت نہیں ہوا اور عبادت نے ائیر کو 86 رن پر بولڈ کردیا۔ ائیر نے 192 گیندوں کی اننگ میں 10 چوکے لگائے۔
دن کا پہلا وکٹ جلد گرنے کے بعد روی چندرن اشون اور کلدیپ نے ہندوستانی اننگ کو سنبھالا۔ دونوں نے آٹھویں وکٹ کے لیے 92 رنوں کی شراکت داری کرکے ہندوستان کو 400 رن کے قریب پہنچا دیا۔
اشون نے 113 گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 58 رن بنائے جبکہ کلدیپ نے 114 گیندیں کھیل کر پانچ چوکوں کی مدد سے 40 رن بنائے۔ تیج الاسلام (133/4) نے کلدیپ کا وکٹ لیا، جبکہ مہدی حسن میراز (112/4) نے اشون اور سراج کو آؤٹ کرکے ہندوستان کی اننگ 404 پر سمیٹ دی۔