پٹنہ// بہار اسمبلی میں اہم اپوزیشن بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی ) نے زہریلی شراب معاملے پر کئے گئے تبصرے کے مد نظر وزیراعلیٰ نتیش کمار سے استعفیٰ اور معافی کے مطالبے پر آج مسلسل دوسرے دن بھی جم کر ہنگامہ کیا ۔
اسمبلی کی کاروائی جمعہ کو شروع ہوتے ہی بی جے پی اراکین اپنے مطالبات کی حمایت میں کھڑے ہوگئے اور نعرے بازی کرتے ہوئے اور پوسٹر لیکر ایوان کے بیچ میں آگئے ۔ اسپیکر اودھ بہاری چودھری نے اراکین سے درخواست کی کہ وہ اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں اور ایوان کی کاروائی کو بہتر طریقے سے چلنے دیں۔ انہوں نے اپوزیشن لیڈر وجے کمار سنہا سے بھی اپنے اراکین کو منظم کرنے کی گذارش کی لیکن اپوزیشن اراکین نے ان کی ایک نہیں سنی ۔
اس کے بعد اسپیکر نے مارشل کو ہنگامہ کر رہے اپوزیشن اراکین کے ہاتھوں سے پوسٹر ہٹانے کا حکم دیا۔ انہوں نے شورو غل کے درمیان ہی وقفہ سوالات وجوابات کی کاروائی شروع کی ۔
اپوزیشن لیڈر مسٹر سنہا نے کہاکہ اسپیکر کی ذمہ داری ہیکہ وہ ایوان اور چیئر کے وقار کو برقرارکھیں اس پر اسپیکر نے کہاکہ اپوزیشن کے لیڈر جمہوری اقدار کے خلاف کام کر رہے ہیں۔ ا نہیں ایسا رویہ اختیار نہیں کرنا چاہئے ۔