کرائسٹ چرچ// کین ولیمسن نے نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑ دی ہے اور پاکستان کے آئندہ دورے پر ٹم ساؤتھی کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں بلیک کیپس کی قیادت کریں گے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ (این زیڈ سی) نے جمعرات کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا، "کین ولیمسن بلیک کیپس ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھوڑ دیں گے، جبکہ ٹم ساؤتھی ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔ ولیمسن ایک روزہ اور ٹی 20 کرکٹ میں بلیک کیپس کی قیادت جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے بین الاقوامی سطح پر تینوں فارمیٹس میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔”
بیان میں کہا گیا کہ "نیوزی لینڈ کے لیے 346 بین الاقوامی میچ کھیل چکے ساؤتھی اس ماہ کے پاکستان کے ٹیسٹ دورے پر نیوزی لینڈ کے 31ویں ٹیسٹ کپتان بن جائیں گے۔ ولیمسن کی غیر موجودگی میں ذمہ داری سنبھالنے والے ٹام لیتھم نائب کپتان ہوں گے”۔
نیوزی لینڈ کے سب سے کامیاب ٹیسٹ کپتان ولیمسن نے اپنے چھ سالہ دور میں 40 میچوں میں ٹیم کی قیادت کی۔ نیوزی لینڈ نے ان 40 میچوں میں سے 22 جیتے، جبکہ اسے 10 میں شکست ہوئی اور آٹھ میچ ڈرا ہوئے۔
ولیمسن نیوزی لینڈ کے لیے سب سے زیادہ میچ جیتنے کے معاملے میں صرف اسٹیفن فلیمنگ (28 فتوحات) سے پیچھے ہیں، جنہوں نے 80 میچوں میں نیوزی لینڈ کی کپتانی کی تھی۔
نیوزی لینڈ کے لیے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے والے کپتان ولیمسن نے کہا کہ یہ کپتانی چھوڑنے کا صحیح وقت تھا۔
ولیمسن نے کہا کہ ‘ٹیسٹ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کی کپتانی کرنا ایک خاص اعزاز رہا ہے۔ میرے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیل کی بلندی ہے اور میں نے اس فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت کرنے کے چیلنجز کا لطف اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’کپتانی کے ساتھ میدان کے اندر اور باہر کام کا بوجھ بڑھ جاتا ہے اورمیرے کیرئر کے اس پڑاؤ پر مجھے لگتا ہے کہ یہ اس فیصلے کے لئے صحیح وقت ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے ساتھ بات چیت کے بعد، ہم نے محسوس کیا کہ آئندہ دوبرسوں میں ہونے والے دو ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے محدود اوورز کے فارمیٹ میں کپتانی جاری رکھنا بہتر ہوگا۔
ادھر نیوزی لینڈ کے نئے کپتان ساؤتھی نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور وہ اس کا تجربہ کرنے کے منتظر ہیں۔
ساؤتھی نے کہا کہ ٹیسٹ کپتان مقرر ہونا بڑے اعزاز کی بات ہے، مجھے ٹیسٹ کرکٹ پسند ہے، یہ سب سے بڑا چیلنج ہے اور میں اس فارمیٹ میں ٹیم کی قیادت کرنے کے لئے پرجوش ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کین ایک شاندار ٹیسٹ کپتان رہے ہیں اور میں اس سمت میں کوچ گیری (اسٹیڈ) کے ساتھ کام کرنے کا منتظر ہوں۔